بلاگ

راہل اور سونیا گاندھی سے پوچھ گچھ کے بعد ای ڈی نے نیشنل ہیرالڈ ہیڈکوارٹر پر کی چھاپہ ماری
شیخ منظوراحمد
نئی دہلی، 02 اگست (اے یوایس)سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سے پوچھ گچھ کے بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے نیشنل ہیرالڈ کے سرکاری احاطے میں
تلاشی لی۔ہیرالڈ ہاؤس کی چوتھی منزل پر ای ڈی نے چھاپہ ماری کی ہے۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں نیشنل ہیرالڈ کا پبلیکیشن آفس واقع ہے۔ ای ڈی کے اہلکار آج صبح تقریباً 10 بجے داخل ہوئے اور وہاں ہرجگہ کی تلاشی لی۔مبینہ نیشنل ہیرالڈ منی لانڈرنگ کیس سے متعلق دہلی کے متعدد مقامات پر ای ڈی کے چھاپے جاری ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق، ای ڈی منی لانڈرنگ کیس میں دہلی میں کانگریس کی ملکیت والے نیشنل ہیرالڈ اخبار کے دفتر سمیت 12 مقامات پر چھاپے مار ی کی ہے۔ جانچ ایجنسی کولکتہ کے کچھ مقامات پر بھی چھاپے مار سکتی ہے۔ای ڈی نے نیشنل ہیرالڈ اخبار سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں کانگریس صدر سونیا گاندھی سے گزشتہ ہفتے (27 جولائی) تین گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ کی تھی۔پوچھ گچھ کا تعلق کانگریس کے ینگ انڈین پرائیویٹ لمیٹڈ میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے الزام سے ہے، جو نیشنل ہیرالڈ اخبار کا مالک ہے۔کانگریس لیڈر پون بنسل اور ملکارجن کھرگے سے ماضی میں ای ڈی پوچھ گچھ کر چکی ہے۔راہل گاندھی سے بھی اس معاملے میں ای ڈی نے جون میں پانچ دنوں میں 50 گھنٹے سے زیادہ کے سیشن میں پوچھ گچھ کی تھی۔گاندھیوں سے پوچھ گچھ کا یہ اقدام پچھلے سال کے آخر میں ای ڈی کی جانب سے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون کے مجرمانہ دفعات کے تحت ایک تازہ مقدمہ درج کرنے کے بعد شروع کیا گیا تھا۔یہ اس وقت ہوا جب یہاں کی ایک ٹرائل کورٹ نے 2013 میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی کی ایک نجی مجرمانہ شکایت کی بنیاد پر ینگ انڈیا کے خلاف انکم ٹیکس محکمہ کی تحقیقات کا نوٹس لیا۔سونیا اور راہل گاندھی ینگ انڈین میں پروموٹرز اور اکثریتی شیئر ہولڈرز میں شامل ہیں۔ ان کے بیٹے کی طرح، کانگریس صدر کے پاس بھی 38 فیصد حصہ داری ہے۔