2

تہران کا لہجہ پھر تلخ، قالیباف نے ڈیموں اور بندرگاہوں کو ہدف قرار دے دیا

تہران کا لہجہ پھر تلخ، قالیباف نے ڈیموں اور بندرگاہوں کو ہدف قرار دے دیا
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اعلان کیا ہے کہ ایران امریکی یا اسرائیلی اڈوں کے قریب واقع کسی بھی ڈیم، بندرگاہ یا بجلی گھر کو عسکری ہدف شمار کرے گا۔

ان کے بقول یہ اسی منطق کا اطلاق ہے، جو امریکہ ایران کے شہری بنیادی ڈھانچے کے بارے میں اپناتا ہے۔قالیباف کا یہ بیان ”نیویارک ٹائمز” میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے جواب میں آیا۔

انہوں نے پلیٹ فارم ”ایکس” پر لکھا: نیا اصول: امریکی یا اسرائیلی اڈے کے قریب واقع کوئی بھی ڈیم، بندرگاہ یا بجلی گھر دوہرے استعمال کی تنصیب شمار ہوگا۔ ہم آپ ہی کی منطق کو پوری مستقل مزاجی اور غیر جانبداری کے ساتھ لاگو کریں گے۔

قالیباف نے امریکہ پر الزام لگایا کہ وہ جمہوریہ ایران کے شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے حملوں کے آئندہ دور کی تیاری کر رہا ہے۔

نیویارک ٹائمز نے پیر کے روز ماہرین کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ ایران میں ڈیموں اور آبی نہروں کا وسیع نیٹ ورک جزوی طور پر زیرِ زمین میزائل اڈوں کی معاونت کے لیے بنایا گیا ہو سکتا ہے۔

اخبار کے مطابق ان تنصیبات کے مقامات ان علاقوں سے مطابقت رکھتے ہیں، جنہیں رواں سال امریکہ اور اسرائیل نے نشانہ بنایا تھا۔خطے میں کشیدگی کے دوران بحرینی حکام نے منگل کی صبح ایرانی حملوں کو ناکام بنانے کا اعلان کیا، جب ملک میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔

بحرین ڈیفنس فورس نے بیان میں کہا: ہمارے دفاعی نظاموں نے متعدد ایرانی فضائی حملوں کو اپنے اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک دیا۔اس سے پہلے العربیہ اور الحدث کی نمائندہ نے حکام کی جانب سے خطرہ ٹل جانے کے اعلان کی خبر دی۔

دوسری طرف پاسدارانِ انقلاب نے بیان میں دعویٰ کیا کہ اس نے ایک امریکی ریڈار کو نشانہ بنایا۔ یہ ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں بحرین پر ایران کا تیسرا حملہ ہے۔

اس سے قبل 13 اور 15 نومبر کو کئی ڈرونز کے ذریعے دو حملے ہوئے تھے، جنہیں سرکاری بیانات کے مطابق دفاعی نظاموں نے اس وقت ناکام بنا دیا تھا۔

امریکہ اور ایران کے درمیان بیانات کی جنگ جاری ہے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے گزشتہ روز پیر کو توقع ظاہر کی کہ ایران کے خلاف جنگ دو سال سے کم عرصے میں ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسے ”ابدی جنگ” میں بدلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وینس نے پیر کو ”فاکس نیوز” کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ٹرمپ نے ایران کے جوہری پروگرام کو تباہ کرنا ضروری سمجھا، کیونکہ وہ امریکہ کے لیے خطرہ تھا۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ امریکی انتظامیہ دس یا پندرہ سال، بلکہ دو سال تک بھی جاری رہنے والی جنگ میں الجھنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔

نائب صدر نے مزید کہا کہ وہ اور ٹرمپ دونوں ابدی جنگوں کے مخالف ہیں۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ امریکی صدر اس تنازع کو ایسے نتائج کے ساتھ ختم کریں گے، جنہیں انہوں نے بہترین قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں