3

افغان حکام پڑوسی ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات دور کریں، نائب وزیراعظم

افغان حکام پڑوسی ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات دور کریں، نائب وزیراعظم
ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس شروع، پاکستان افغانستان کو پُرامن، خوشحال اور مستحکم ملک دیکھنا چاہتا ہے: اسحاق ڈار کا ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کو ایک پُرامن، خوشحال اور مستحکم ملک کے طور پر دیکھنے کا خواہاں ہے، جو خطے کے وسیع تر نظام کا حصہ بنے اور اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ امن و استحکام کے ساتھ رہے۔ افغان حکام بامعنی پیش رفت کے لیے پڑوسی ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات کو بھی دور کریں۔

نائب وزیراعظم پاکستان اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم پاکستان اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان علاقائی تعاون کو خوشحالی، امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ناگزیر سمجھتا ہے، جس کی بنیاد خودمختار مساوات، عدم مداخلت، باہمی احترام اور تعاون کے اصولوں پر ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، اقتصادی دباؤ اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کے تناظر میں علاقائی تعاون کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ نائب وزیراعظم نے خطے کی منفرد جغرافیائی اہمیت اور مختلف شعبوں میں موجود وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مؤثر ٹرانسپورٹ راہداریوں، آسان اور مؤثر سرحدی طریقہ کار اور طے شدہ انتظامات کی ضرورت پر زور دیا۔

دوسری جانب اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس شروع ہو گیا ہے، جس میں اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے ای سی او کے سٹریٹجک اہداف 2035 کی منظوری دی جائے گی، جبکہ اسلام آباد اعلامیے کو بھی حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق ای سی او وژن 2025 کی جگہ سٹریٹجک اہداف 2035 کو تنظیم کا نیا فریم ورک بنانے کی تجویز زیر غور آئے گی۔

اجلاس میں ای سی او کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اسد ایم خان کی سالانہ رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ تنظیم کے سال 2027 کے بجٹ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان اقتصادی روابط، علاقائی تجارت، ٹرانسپورٹ، رابطہ کاری اور مشترکہ ترقی کے امکانات کو فروغ دینے کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں