خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں فورسز کی کارروائیاں، 74 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 74 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں کی گئیں، جن میں سکیورٹی فورسز نے بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میر علی میں کارروائی کے دوران بھارت کے حمایت یافتہ 35 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ اورکزئی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مزید 8 دہشت گرد مارے گئے۔
بیان کے مطابق ان کارروائیوں سے دیشت گروں کے نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچا۔ علاقوں کی تلاشی اور کلیئرنس کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جس میں دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور بارودی آلات شامل ہیں۔
بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں 3 نومبر سے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر جاری کارروائیوں کے دوران بھارت کے حمایت یافتہ31 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشنز جاری رہیں گے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی مسلسل کامیابیاں قومی عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہیں، پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لیے بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں تباہ کرنے اور بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوان ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے دن رات میں مصروفِ عمل ہیں، نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔
