یو این سیکرٹری کا امریکہ اور ایران کے درمیان سنجیدہ اور ٹھوس مذاکرات پر زور
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خطے میں استحکام کے لیے واشنگٹن اور تہران کے درمیان ٹھوس مذاکرات کی اپیل دہرائی ہے۔
پیر کے روز منیلا میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گوتریس نے کہا کہ “ہمیں ایک سنجیدہ سفارتی عمل کی ضرورت ہے جو مذاکرات پر مبنی ہو تاکہ امریکہ اور ایران کے درمیان نہ جنگ، نہ امن کی کیفیت ختم کی جا سکے”۔
امریکہ، چین اور روس کے درمیان متوقع سہ فریقی سربراہی اجلاس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ “اگر جوہری ہتھیاروں میں کمی کا کوئی پروگرام ہوا تو اقوامِ متحدہ اس میں مکمل طور پر شریک ہونے اور بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے”۔
مذاکرات تعطل کا شکار
یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب قطر کی حالیہ بحال کی گئی سفارتی کوششوں کے باوجود امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات معطل ہیں۔
گوتریس کا یہ موقف ایران کے اس مؤقف کے ساتھ ہی سامنے آیا ہے کہ فی الحال واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات رکے ہوئے اور ناممکن ہیں۔ ایران نے امریکہ کے ساتھ کسی ایسی مفاہمت کے لیے اپنی سات شرائط دہرائی ہیں جو آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا راستہ ہموار کرے۔ فروری میں جنگ چھڑنے کے بعد سے اس آبی گزرگاہ میں جہاز رانی بڑی حد تک مفلوج ہو چکی ہے۔
دوسری جانب واشنگٹن نے واضح کیا ہے کہ وہ فی الحال ایران کے ساتھ کسی معاہدے میں دلچسپی نہیں رکھتا اور ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ایران پر “معاشی گھیراؤ” کی پالیسی مؤثر ہے اور اس کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ چند دنوں میں اشارہ دیا ہے کہ ایران پر نئے حملے کرنے کی ضرورت نہیں، جبکہ اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو جنگ دوبارہ شروع کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
