5

پابندیوں میں نرمی کے ذریعے ایرانی حملوں کی فنڈنگ کا الزام، روبیو کا اوباما انتظامیہ پر وار

پابندیوں میں نرمی کے ذریعے ایرانی حملوں کی فنڈنگ کا الزام، روبیو کا اوباما انتظامیہ پر وار
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سابق صدر براک اوباما کی انتظامیہ پر الزام لگایا ہے کہ اس نے پابندیوں میں نرمی کے ذریعے ایران کو مالی وسائل فراہم کیے۔ ان کے بقول یہ وسائل ہتھیاروں کی تیاری اور خطے میں تہران کے اتحادی گروہوں کو مسلح کرنے میں استعمال ہوئے، جس سے ایران امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف حملے کرنے کے قابل ہوا۔

روبیو نے یہ بیانات جمعرات کو پیرس میں جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر پریس کانفرنس میں دیے۔ انہوں نے 2015 میں ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے پر تنقید کرتے ہوئے کہا: جب اوباما نے ایرانیوں کو پابندیوں میں نرمی دی تو انہوں نے وہ رقم ہسپتال، سڑکیں، پل اور جامعات بنانے پر خرچ نہیں کی، بلکہ ہتھیار بنانے اور خطے میں اپنے پراکسی گروہوں کو مسلح کرنے پر خرچ کی تاکہ وہ ہم پر اور دوسرے ممالک پر حملے کریں۔

روبیو کے بیانات ٹرمپ انتظامیہ کے اس دیرینہ مؤقف کی عکاسی کرتے ہیں جو وہ جوہری معاہدے کے بارے میں رکھتی ہے، جسے مشترکہ جامع منصوبۂ عمل (JCPOA) کہا جاتا ہے۔

اس معاہدے کے تحت ایران پر عائد بین الاقوامی اور امریکی پابندیوں کا ایک بڑا حصہ اٹھایا گیا اور بیرونِ ملک منجمد ایرانی اثاثے بھی جاری کیے گئے۔

معاہدے کے بعد تہران کو جن ایرانی اثاثوں تک رسائی ملی، ان کی مالیت کا اندازہ تقریباً 100 سے 150 ارب ڈالر لگایا جاتا ہے۔

2016 میں انقلابِ ایران سے پہلے کے ایک نامکمل ہتھیاروں کے سودے سے متعلق پرانے ایرانی دعووں پر 1اعشاریہ7 ارب ڈالر کا ایک الگ مالی تصفیہ بھی ہوا تھا۔

ٹرمپ انتظامیہ ایران پر الزام لگاتی ہے کہ وہ اپنے مالی وسائل میزائل صلاحیتوں کی ترقی اور خطے میں مسلح اتحادیوں کی مدد پر خرچ کرتا ہے، جن میں حزب اللہ اور عراق، شام اور یمن میں اس سے منسلک ملیشیائیں شامل ہیں، جبکہ ملک کے اندر معاشی اور معیارِ زندگی کی صورتحال بہتر بنانے پر سرمایہ کاری نہیں کی جاتی۔

روبیو کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں، جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی جاری ہے، اور عسکری تصادم ختم کرنے اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے سلسلے میں مذاکرات ہو رہے ہیں، جبکہ جوہری پروگرام، اقتصادی پابندیوں اور سلامتی کی ضمانتوں پر اختلافات برقرار ہیں۔

روبیو کا کہنا ہے کہ پابندیوں میں کسی بھی نرمی کو جوہری پروگرام کے بارے میں ایران کی واضح رعایتوں سے مشروط ہونا چاہیے اور وہ تہران کو غیر مشروط رعایتیں دینے کے مخالف ہیں، جبکہ واشنگٹن ایران پر معاشی اور بحری دباؤ جاری رکھے ہوئے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں