وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ سے میلانیا کا میری لینڈ کا سفر تاخیر کا شکار
امریکی پولیس نے واقعے میں ایک شخص کی ہلاکت اور چار دیگر کے زخمی ہونے کا اعلان کیا ہے
واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب آج جمعرات کو فائرنگ کے ایک واقعے کے باعث امریکی خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کے ریاست میری لینڈ کے سفر میں تاخیر ہو گئی۔ “سی این این” نیٹ ورک نے میلانیا ٹرمپ کے ایک ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ فائرنگ کی وجہ سے وائٹ ہاؤس سے ریاست میری لینڈ میں واقع جوائنٹ بیس اینڈریوز تک ان کے قافلے کی روانگی میں معمولی تاخیر ہوئی۔
میلانیا ٹرمپ کا قافلہ صبح 8 بج کر 22 منٹ پر وائٹ ہاؤس سے جوائنٹ بیس اینڈریوز کے لیے روانہ ہوا جہاں ان کے ہمراہ امریکی نائب صدر کی اہلیہ اوشا وینس بھی موجود تھیں اور وہ “تھینکس گیونگ” سے قبل فوجی خاندانوں اور پرائمری سکولوں کے طلبہ سے ملاقات کے لیے ان کے ساتھ ریاست الاباما کے فورٹ روکر جانے کی تیاری کر رہی تھیں۔ دریں اثنا پولیس نے امریکی دارالحکومت کے ایک سپورٹس ہال اور اس کے اطراف میں پیش آنے والے اس فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص کے ہلاک اور 4 دیگر کے زخمی ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔ قائم مقام پولیس چیف جیفری کیرول نے بتایا کہ مشتبہ شخص کو جائے وقوعہ کے قریب ایک اپارٹمنٹ میں مورچہ بند ہونے کے بعد اپنے ہی ہتھیار کی گولی لگنے سے زخمی حالت میں پایا گیا۔
دوسری جانب سٹی کونسل کی رکن بروک پنٹو نے کہا کہ فائرنگ میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے علاقے میں اپنے اہلکار تعینات کر دیے ہیں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس علاقے میں جانے سے گریز کریں۔ یہ واقعہ رش کے اوقات میں وائٹ ہاؤس سے ایک کلومیٹر سے کچھ زیادہ فاصلے پر پیش آیا جس کے باعث بڑے پیمانے پر سکیورٹی اہلکار تعینات کرنے پڑے۔
