5

صوبہ خیبر پختونخوا پاکستان : دہشت گردانہ کارروائی میں آٹھ پولیس اہلکار جاں بحق

پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں کے خلاف ایک اور کارروائی کرکے آٹھ اہلکاروں کو جاں بحق اور درجن سے زائد کو زخمی کر دیا ہے۔ حکام نے ان ہلاکتوں کے بارے میں بدھ کے روز باضابطہ بتایا ہے۔ حکام کے مطابق پولیس اہلکاروں کی ایک ٹیم ایک سونے کی کان کی طرف روانہ تھی کہ اس دوران پولیس پارٹی کو نشانہ بنایا گیا۔ سونے کی اس کان سے غیر قانونی طور پر سونا نکالے جانے کی مبینہ اطلاعات ہیں۔

صوبے کے ایک سینیئر عہدے دار نے مغربی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کو بتایا ہے کہ فائرنگ کے اس واقعے میں آٹھ اہلکار ہلاک اور 13 اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس اہلکاروں کی دو گاڑیوں کو بھی دہشت گردوں نے آگ لگا دی، جبکہ پولیس کی دو گاڑیوں کے علاوہ ایک نجی گاڑی بھی اس جائے وقوعہ سے مبینہ طور پر ساتھ لے گئے ہیں۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کافی عرصے سے دہشت گردانہ کارروائیاں جاری ہیں۔ جن میں دہشت گرد پولیس کو بطور خاص ہدف بنا رہے ہیں۔ وفاقی حکومت نے پچھلے ماہ صوبائی حکومت کی اس سلسلے میں کارکردگی کو کافی نہ خیال کرتے ہوئے منتخب صوبائی حکومت ختم کرکے گورنر راج لگا دیا۔ تاکہ وفاقی حکومت اپنی تمام تر قوت لگا کر دہشت گردی کا قلع قمع کر سکے۔ اس وقت صوبے میں ایمرجنسی کی وجہ سے بنیادی حقوق معطل ہیں ، حتیٰ کہ اعلیٰ صوبائی عدالت کو بھی بعض معاملات میں مقدمے نہ سننے کا وفاقی آئینی عدالت نے حکم دے رکھا ہے۔

سرکاری عہدے دار نے پولیس اہلکاروں کے خلاف دہشت گردی کے تازہ واقعے کے بارے میں بتایا پولیس پارٹی گمبٹ میں قائم سونے کی ایک کان کی طرف جارہی تھی جب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا اور آٹھ اہلکار ہلاک ہو گئے۔ تاہم فوری طور پر کسی بھی دہشت گرد گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

پاکستان کا یہ دیرینہ موقف ہے کہ جب سے طالبان کی حکومت نے افغانستان میں کنٹرول سنبھالا ہے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ کونکہ ان دہشت گردوں کو طالبان کے ہاں پناہ دی گئی ہے اور ان کے ٹھکانے ہی قائم نہیں بلکہ انہیں وسائل اور ہتھیار دینے کے ساتھ ساتھ تربیت دینے کی بھی سہولت فراہم ہے۔ اب تک پاکستان میں اس دہشت گردی کے درجنوں واقعات میں سینکڑوں افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

تاہم طالبان کی حکومت اس امر کی تردید کرتی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان اس دوران سرحدی جھڑپیں بھی ہو چکی ہیں اور دوطرفہ تجارت بند کر دی گئی ہے۔

بدھ ہی کے روز ایمرجنسی سروس کے ترجمان نے اس واقعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ ضلع کوہاٹ میں پیش آنے والے اس واقعے کے ایک درجن سے زائد زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ اسی مہینے کے شروع میں دہشت گردوں نے دو پولیس اہلکاروں کو اس وقت قتل کر دیا تھا جب وہ پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں کے ساتھ حفاظتی ذمہ داری انجام دے رہے تھے۔ یہ واقعہ پاک افغان سرحد کے نزدیکی علاقے میں پیش آیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں