مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور امریکہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی عمل جاری رہے گا
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ ایران کشیدگی کے خاتمے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ یہ باور رہنا چاہیے کہ کشیدگی، جنگیں اور بین الاقوامی قواعد سے تجاوز عالمی استحکام کو خطرے میں ڈالنے کا ذریعہ ہو گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں پیر کے روز ‘مارگلہ ڈائیلاگ 26’ کے افتتتاحی سیشن سے خطاب میں کیا ہے۔
نائب وزیر اعظم پاکستان کے یہ ریمارکس ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگی کشیدگی نے بین الاقوامی سطح پرتیل اور گیس کی فراہمی کو خلیج اور بحیرہ احمر کے راستے بری طرح متاثر کر رکھا ہے۔ اس وجہ سے امریکہ سمیت پوری دنیا میں مہنگائی کی لہر شدید تر ہو رہی ہے۔ سب سے زیادہ مشرق وسطیٰ میں امن، استحکام اور ترقی کے ماحول میں خلل کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
ترقی پذیر ریاستوں کے لیے توانائی کے حصول میں مشکلات اور مہنگائی کو برداشت کرنا اور زیادہ چیلنج ہے۔ تیل اور گیس کی ترسیل کے علاوہ خوراک اور ادویات سمیت ہر چیز کی تجارت متاثر ہو چکی ہے۔
اسحاق ڈار نے امن و استحکام اور محفوظ تجارت کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تصادم جس قدر بھی سنگین ہوں مواصلاتی راستے کھلے رہنے چاہییں۔ ان رابطوں کو کم کرنے سے بحرانوں کو کنٹرول کرنا اور امن کا قیام مزید مشکل ہو جاتا ہے۔
وزیر خارجہ پاکستان نے اس سے قبل امریکہ و ایران کے درمیان پاکستان کی طرف سے کی گئی سفارتی و ثالثی کوششوں کا حوالہ دیا ، جن کے نتیجے میں امریکہ و ایران کے درمیان ماہ اپریل میں جنگ بندی ہوئی اور ماہ جون کے دوران ایک معاہدہ بھی ممکن ہو گیا ، جسے معاہدہ اسلام آباد کا نام دیا گیا۔
انہوں نے ان دنوں سعودی عرب ، ترکیہ اور مصر کے ساتھ اپنے رابطوں کا بھی ذکر کیا اور کہا چاروں ملکوں نے 23 اکتوبر کو برطانیہ، فرانس ، جرمنی اور اٹلی کے ساتھ بھی مشاورت کی ہے۔ اس تناظر میں پاکستان اپنی تمام تر سفارتی کوششوں کو جاری رکھے گا۔ اسحاق ڈار نے متوجہ کیا کہ بین الاقوامی قوانین کا من پسند استعمال بین الاقوامی اداروں پر اعتماد کو مجروح کرتا ہے۔ طے شدہ اصولوں کا اطلاق یکساں طور پر نہ کیا جانا ان اصولوں کی عملداری کو کمزور کر دیتا ہے۔
عالمی سطح پر انصاف اور برابری کے اصولوں کا ذکر کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا پاکستان ایسے کثیر قطبی عالمی نظام کا حامی ہے جس میں سب کی شرکت ہو اور سب کی نمائندگی ہو۔
