عراقچی کی روبیو کے بیان پر تنقید، واشنگٹن کی پالیسی کو ”ناکام ” قرار دے دیا
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے اس بیان پر کڑی تنقید کی ہے ،جس میں انہوں نے تہران پر ”معاشی گھیراؤ” کی پالیسی مزید سخت کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ عراقچی نے واضح کیا کہ واشنگٹن کی یہ حکمتِ عملی ناکامی پر ہی منتج ہوگی۔
عراقچی نے بدھ کے روز ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا: آٹھ سال پہلے پومپیو نے کہا تھا کہ اگر ایرانی کھانا چاہتے ہیں تو انہیں وائٹ ہاؤس کے احکامات پر عمل کرنا ہوگا، آج روبیو اسی طرح کی فضول باتوں کو دہرا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس امریکی پالیسی کا مسئلہ، انسانی پہلو کو نظر انداز کرنے کے علاوہ ان خوش فہمیوں میں ہے، جو ایک ناکام امریکی پالیسی کو جنم دیتی ہیں۔
کھانا تو کھانا ہی پڑے گا
یہ ردِعمل اس کے بعد سامنے آیا ،جب روبیو نے گزشتہ روز پیرس میں جی سیون کے اجلاسوں کے اختتام کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر معاشی دباؤ مزید بڑھے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تہران امریکہ کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ وہ جو شرائط مسلسل پیش کر رہا ہے وہ مضحکہ خیز ہیں۔
تاہم انہوں نے اشارہ دیا کہ دباؤ بڑھنے کے ساتھ صورتِ حال بدل جائے گی،مزید کہا: یہ بدل سکتا ہے، آخرکار، کھانا تو کھانا ہی پڑے گا۔
دوسری جانب ایران نے کسی بھی معاہدے میں اپنی سات شرائط پر قائم رہنے کا اعادہ کیا ہے، جن میں اس کی بندرگاہوں سے امریکی بحری ناکہ بندی ہٹانا، بیرونِ ملک منجمد اثاثوں کی بحالی، تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ اور اپنے اردگرد سے امریکی فوجی کمک واپس بلانا شامل ہیں۔
ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے زور دے کر کہا کہ تہران افزودہ جوہری مواد کا ایک ذرہ بھی باہر جانے کی اجازت نہیں دے گا۔
ادھر قطر نے امریکی اور ایرانی فریقوں کے درمیان فاصلے کم کرنے کی کوششیں جاری رکھی ہیں اور حالیہ مذاکرات کو مثبت قرار دیا ہے۔
6
