1

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے نئے صوبے بنانے کے لیے ریفرنڈم کی حمایت کردی

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے نئے صوبے بنانے کے لیے ریفرنڈم کی حمایت کردی

چوبیس کروڑ سے زائد کی آبادی اور چار صوبائی اکائیوں پر مشتمل پاکستان میں حکومتی ترجمان سمجھے جانے والے وزیر اطلاعات و نشریات نے بھی نئے صوبوں کی تشکیل کی خاطر ملک گیر ریفرنڈم کرانے کی حمایت کر دی ہے۔ نئے صوبوں کی تشکیل کے ذریعے بگڑے ہوئے حکومتی نظام کی اصلاح کے پیش کاروں کے طور پر اس سے پہلے وزیر داخلہ محسن نقوی سامنے لائے گئے تھے۔

ان کی طرف سے پیش کردہ اس سکیم کو کئی فاقی وزیروں کی حمایت اور نیم حمایت ملی جبکہ کئی وزرا نے اس کے حوالے سے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ حتی کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور حکمران جماعت کے مرکزی صدر اور تین بار وزیر اعظم رہ چکے میاں نواز شریف نے بھی ابھی تک اس بارے میں کوئی موقف یا رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ اگرچہ صدر مملکت کی مبینہ حمایت پر سندھ حکومت کے اعلیٰ ترین عہدے دار اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سندھ کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کی مخالففت کر رہے ہیں۔

تاہم اب مزید پیش رفت ہوئی ہے اور وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اس بارے میں حمایت کی ہے کہ نئے صوبوں کی تشکیل اور پرانے صوبوں کو تقسیم کرنے کے لیے ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے۔ تاکہ براہ راست عوامی منشا معلوم کی جاسکے۔

یاد رہے کئی ماہ سے میڈیا اور کانفرنسوں میں زیر بحث لائے جانے والے اس معاملے کے بارے میں ابھی تک کابینہ میں کوئی بات زیرغور نہیں لائی جاسکی ہے۔ اس تجویز کے پیچھے یہ محرک کارفرما بتایا جاتا ہے کہ اس سے نظام بہتر کام کر سکے گا اور عوامی مسائل ان کے دہلیز کے قریب تر حل ہو سکیں گے۔

خیال رہے وزیر داخلہ کھلے لفظوں میں قرار دے چکے ہیں ملک میں نظام تباہی کا شکار ہے اور کرپشن انتہا کو چھو چکی ہے۔ اس سلسلے میں وہ اپنی وزارت کے تحت آنے والے اداروں کی کرپشن کی خود بھی مثالیں پیش کرتے ہیں۔ ان کے مطابق نئے صوبوں کی تشکیل سے نظام بہتر ہوگا اور عوام کو سہولت ملے گی۔

منگل کے روز ایک ویڈیو بیان میں عطاء اللہ تارڑ نے کہا ‘عوامی رائے جانے بغیر کسی پر بھی کوئی اپنے خیالات مسلط نہیں کر سکتا ہے ۔ انہوں نے سیاسی سٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ مل کر بیٹھیں اور اس سلسلے میں عوام کے بہترین مفاد میں فیصلے کریں۔

انہوں نے مزید کہا چھوٹے انتظامی یونٹ کا معاملہ تعمیری انداز میں پیش کیا جانا چاہیے نہ کہ اس معاملے کو ایک تنازعے کا باعث بنا دیا جائے۔ جو بھی فیصلہ ہو عوامی رائے کی بنیاد پر کیا جانا چاہیے۔ رائے جاننے کا بہترین راستہ ریفرنڈم ہی ہو سکتا ہے۔

انہوں نے نئے صوبوں کی مخالفت کرتے ہوئے فسادات کی دھمکیاں دینے والوں پر تنقید کی اور کہا انہیں عوامی رائے کی بات کرنی چاہیے فسادات کی نہیں۔ مزید کہا ہم سب ایک ہی حکومت کا حصہ ہیں ، اس لیے بہتر ہوگا کہ ہم مل کر بیٹھیں اورعوامی بھلائی اور بہتری کے فیصلے کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا یہ ویڈیو بیان بلاول بھٹو زرداری کی ایک دھواں دار تقریر کے محض چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے ، جس میں بلاول بھٹو زرداری نے دھمکی دی ہے کہ اگر صوبہ سندھ کو تقسیم کرنے کی کی بات کی گئی تو کراچی کی گلیوں میں خون بہا دیں گے۔

تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ خون کس کا بہے گا۔ نہ ہی یہ بتایا ہے کہ جس کراچی کو سندھ سے الگ نہ کرنے کی بات کراچی سے اپنی اس قدر محبت کی وجہ سے کرتے ہیں خون اسی کراچی کی گلیوں میں کیوں بہے گا۔ یاد رہے کراچی پاکستان کا پرانا اور بڑا بندرگاہی شہر بھی اور سب سے بڑا صنعتی و تجارتی شہر بھی ہے۔ لیکن ترقیاتی اعتبار سے پسماندگی کا شکار ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا اگر صوبے کو طاقت کے ذریعے تقسیم کیا گیا تو معاشرہ تقسیم کا شکار ہو جائے گا۔ پھر یہ لوگ ہتھیار اٹھالیں گے اور ایک دوسرے کے دشمن بن جائیں گے۔ انہوں نے سندھ میں اپنی قوت کے پس منظر میں خبردار کیا پھر یہ خون خرابہ کسی ایک فرد کے قتل تک محدود نہیں رہے گا یہ پھیل جائے گا۔ میڈیا چینل کے مطابق وہ یہ خوفناک تقریر کراچی میں کر رہے تھے۔ جو ان کی پارٹی کی صوبائی حکومت کا دارالحکومت بھی ہے۔

بلاول زرداری نے اس موقع پر ریفرنڈم کو غیر آئینی طریقہ قرار دیا اور کہا جب آپ غیر آئینی راستہ اختیار کریں گے تو پیپلز پارٹی کیسے آپ کا ساتھ دے گی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف بھی ایک ٹی وی پروگرام میں صوبوں کو تقسیم کر کے چھوٹے بنانے کے حق میں بات کر چکے ہیں ، ان کے بقول اگر ایسا ہو جاتا ہے تو یہ ایک انتہائی مثبت عمل ہو گا، لیکن جب بھی اس بارے میں ماضی میں بات ہوئی ہے اس سے نسل پرستی، لسانیت اور سیاسی تقسیم جیسے مسائل سامنے آجاتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں