بھارت فرانسیسی کمپنی کے ہمراہ لڑاکا جیٹ انجن تیار کرے گا
اگست 23 (اےیوایس)
ملکی افواج کی جدید کاری کی جانب ایک قدم
بھارت
فرانس
نئی دہلی کے وزیرِ دفاع نے کہا ہے کہ بھارت ایک فرانسیسی کمپنی کے ہمراہ ملک میں لڑاکا جیٹ انجن تیار کرنے اور بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔
وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے مئی میں پانچویں جنریشن کے ایڈوانسڈ میڈیم کمبیٹ ایئر کرافٹ (اے ایم سی اے) کے پروٹو ٹائپ کی منظوری دی اور اسے “بھارت کی مقامی دفاعی صلاحیتوں کو بہتر کرنے کی طرف ایک اہم قدم” قرار دیا تھا۔
سنگھ نے جمعہ کو نئی دہلی میں ایک کانفرنس میں تقریر کرتے ہوئے ملک میں لڑاکا جیٹ ہوائی جہاز کے انجن تیار کرنے کے بارے میں مزید تفصیلات بتائیں۔
انہوں نے بھارتی میڈیا پر نشر کردہ تبصروں میں کہا، “ہم بھارت میں ہی ہوائی جہاز کے انجن تیار کرنے کے لیے پیش رفت کر رہے ہیں۔ ہم بھارت میں انجن کی پیداوار شروع کرنے کے لیے ایک فرانسیسی کمپنی سے تعاون کر رہے ہیں۔”
سنگھ نے کمپنی کا نام نہیں بتایا لیکن بھارتی میڈیا کی زیادہ تر اطلاعات کے مطابق یہ کمپنی سافران ہے جو بھارت میں ہوا بازی اور دفاعی شعبوں میں کئی عشروں سے کام کر رہی ہے۔
فوری طور پر کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔
دنیا میں ہتھیاروں کے ایک سب سے بڑے درآمد کنندہ بھارت نے اپنی افواج کی جدید کاری کو اولین ترجیح بنایا ہے اور ہتھیاروں کی مقامی پیداوار بڑھانے کے لیے بار بار کوششیں کی ہیں۔
دنیا کے گنجان ترین ملک نے حالیہ برسوں میں مغربی ممالک بشمول امریکہ، جاپان اور آسٹریلیا کے چہار فریقی اتحاد سے دفاعی تعاون مستحکم کیا ہے۔
بھارت نے اپریل میں فرانس کی ڈزالٹ ایوی ایشن سے 26 رافیل لڑاکا طیاروں کی خریداری کے لیے اربوں ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
یہ پہلے سے حاصل کردہ 36 رافیل لڑاکا طیاروں میں شامل ہو جائے گا اور روسی مگ-29کے جیٹ طیاروں کی جگہ لے گا۔
سنگھ نے مقامی ہتھیاروں کی پیداوار کو فروغ دینے کے لیے 2033 تک کم از کم 100 بلین ڈالر کے فوجی ہارڈ ویئر کے نئے ملکی معاہدوں کا بھی وعدہ کیا ہے۔
اس عشرے میں بھارت نے ایک نئی وسیع ہیلی کاپٹر فیکٹری کھولی ہے، اپنا پہلا مقامی تیار کردہ طیارہ بردار بحری جہاز، جنگی جہاز اور آبدوزیں بنائیں اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہائپرسونک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔
14
