راہل گاندھی کی بس سپریم کورٹ کی طرف گامزن
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی کے ساتھ ساتھ کئی اپوزیشن لیڈران کو لے کر بس سپریم کورٹ کی طرف بڑھ رہی ہے۔ بس کے آگے اور پیچھے کئی لوگ پیدل بھی چل رہے ہیں، جن کے ہاتھوں میں طرح طرح کے پوسٹرس اور بینرس ہیں۔ ان پوسٹرس اور بینرس پر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور پی ایم مودی کے خلاف نعرے لکھے ہوئے ہیں۔
’مودی-گیانو کے خلاف ہندوستان امنڈ آیا‘، کانگریس نے شیئر کی باراکھمبا روڈ کی ویڈیو
انڈیا بلاک کے ’سپریم کورٹ مارچ‘ کے لیے باراکھمبا روڈ پر لوگوں کا ہجوم جمع ہو گیا ہے۔ راہل گاندھی کی قیادت میں لوگوں کی یہ بھیڑ سپریم کورٹ کی طرف قدم بھی بڑھا چکی ہے۔ کانگریس نے باراکھمبا روڈ پر جمع بھیڑ کی ایک ویڈیو اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مختلف پارٹیوں کے لیڈران اور طلبا گیانیش کمار کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں۔ اس ویڈیو کے ساتھ کانگریس نے کیپشن لگایا ہے ’’مودی-گیانو کے خلاف ہندوستان امنڈ آیا ہے۔‘‘
گیانیش کمار کے خلاف تحریک کو راہل گاندھی نے ’شیو کا تانڈو‘ قرار دیا
راہل گاندھی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف جاری تحریک کو ’شیو کا تانڈو‘ قرار دیا ہے۔ انھوں نے تحریک سے متعلق حکمت عملی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ کوئی منصوبہ بند پروگرام نہیں، بلکہ بھگوان شیو کے تانڈو اور بارات کی طرح ہے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی بہن پرینکا گاندھی نے ان سے کہا تھا کہ منصوبہ تیار کرنا چاہیے، لیکن انھوں نے سمجھایا کہ وہ بات کو سمجھ نہیں رہی ہیں۔ راہل نے کہا کہ ’’یہ تانڈو ہے، بھگوان شیو کا ڈانس ہے۔ اس میں کوئی منصوبہ شامل نہیں ہے۔ آج ہم سپریم کورٹ جا رہے ہیں، کل کچھ اور ہوگا۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ شیوجی کی بارات کی طرح ہے اور اس میں جو کوئی شامل ہونا چاہتا ہے، اس کا استقبال ہے۔
