ایران نے آبنائے ہرمز پر فیس عائد کرنے کا جواز ماحولیاتی نقصانات کو قرار دے دیا
ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر فیس عائد کرنے کی اپنی کوششوں کا اس بار ایک نئے جواز کے ذریعے دفاع کیا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ اس اہم آبی گزرگاہ میں بحری آمدورفت سے ہونے والے ماحولیاتی نقصانات کے ازالے کے لیے فیس وصول کی جا سکتی ہے۔
اس سے قبل ایران اس اقدام کا جواز امن قائم کرنے اور بحری جہازوں کے تحفظ کو قرار دیتا رہا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بدھ کی شام سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ خلیج میں کئی دہائیوں سے جاری آلودگی کے باعث ایران کو کھربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے بحری آمدورفت سے فائدہ اٹھانے والی ریاستوں اور کمپنیوں پر قانونی اور اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ماحولیاتی نقصانات سے نمٹنے میں مدد کریں۔
ان کے مطابق مستقبل میں اس آبی گزرگاہ کے انتظام سے متعلق کسی بھی منصوبے میں ماحولیاتی تحفظ کو مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔
تاہم ایرانی ترجمان نے یہ واضح نہیں کیا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے ایران کون سے عملی اقدامات تجویز کر رہا ہے یا بحری جہازوں سے کس نوعیت کی فیس وصول کی جائے گی۔
قشم جزیرے کا ساحل
اس حوالے سے بقائی نے آبنائے ہرمز میں واقع ایرانی جزیرے قشم کے ساحل پر حال ہی میں نمودار ہونے والے تیل کے دھبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ اس کی ذمہ دار ایک غیر ملکی مال بردار کشتی تھی۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا، جسے ایران نے بحری جہازوں کو دھمکیاں دے کر عملاً بند کر رکھا ہے، تہران اور واشنگٹن کے درمیان تنازع کا ایک اہم مسئلہ بن چکا ہے۔
یہ پیش رفت اس وقت بھی ہوئی ہے، جب تہران حالیہ دنوں میں کئی مرتبہ اس خواہش کا اظہار کر چکا ہے کہ سلطنت عمان کے ساتھ رابطہ اور ہم آہنگی کے ذریعے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر فیس عائد کی جائے، تاہم امریکہ نے اس تجویز کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
آبنائے ہرمز کا معاملہ اب بھی ایران اور امریکہ کے درمیان اختلافات کا ایک اہم نکتہ ہے، جبکہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کم کرنے اور مؤقف قریب لانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔بہت سے ماہرین کے مطابق تہران امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے آبنائے ہرمز کو دباؤ کے ایک مؤثر ذریعے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بارہا واضح کر چکے ہیں کہ وہ آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر اور بغیر کسی پابندی کے کھولنے کے علاوہ کوئی صورت قبول نہیں کریں گے، جبکہ انہوں نے ایران پر مزید دباؤ ڈالنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔
11
