نئی امریکی پابندیوں کو ایران نے معاشی دہشت قرار دے دیا
ایرانی وزارت خارجہ نے امریکہ کی جانب سے نئی اور سخت ترین پابندیوں کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے انہیں ایران کے خلاف امریکی معاشی دہشت گردی قرار دیا ہے۔
امریکہ ان پابندیوں کے ذریعے عام ایرانی شہریوں کو ٹارگٹ کر رہا ہے۔ یہ امریکی کارروائیاں انسانیت کے خلاف معاشی دہشت گردی پر مبنی جرائم ہیں۔ امریکی صدر نے اس بارے میں بدھ کے روز سخت انتباہ کیا تھا۔ انہوں نے ان ملکوں کو بھی دھمکی دی تھی جو ایران کو زندگی دینے کے لیے اسے مدد دے رہے ہیں۔ یہ ایسے مضمرات کا شکار بنیں گے جن کی ماضی میں مثال نہیں اور یہ تنہا ہو کر رہ جائیں گے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے کہا یہ پابندیاں بھی تہران کے عزم کو کمزور نہیں کر سکیں گی۔ ایران اپنی آزادی، قومی خود مختاری اور مفادات کا دفاع کرتا رہے گا۔
اس سے قبل عراقی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی ٹرمپ کے معاشی سزا کے اعلان کو مسترد کر دیا تھا۔ انہوں نے اس کوشش کو بھی امریکہ کی ناکام پالیسیوں کا تسلسل قرار دیا۔ اس سے امریکہ کی شکست میں اضافہ ہوگا۔
عباس عراقچی نے ‘ایکس’ پر اپنی پوسٹ میں لکھا ‘امریکہ ان اقدامات سے اپنے اندرونی مسائل اور غیر معمولی خساروں سے عوامی توجہ ہٹانے کی کوشش میں ہے۔ لیکن یہ امریکی پالیسیوں کی ناکامی کو تیز تر کریں گی۔’
