6

ایرانی حکومت کے خاتمے کا مشن مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں: نیتن یاہو

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایرانی حکومت کا تختہ الٹنے کی اپنی دھمکیوں کو دہراتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسرائیل تہران کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

نیتن یاہو نے عبرانی نئے سال کے موقع پر اسرائیلی کابینہ کے اجلاس کے دوران گفتگو میں مزید کہا کہ اسرائیل کا سب سے پہلا ہدف ایرانی حکومت کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ اگر تہران نے اسرائیل پر حملہ کرنے کا فیصلہ کیا تو اسے ایسی ضرب دی جائے گی جس کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتا۔

نیتن یاہو نے ایرانی حکومت کو کمزور، اپنی بقا کے لیے لڑنے والی اور بوکھلاہٹ کا شکار قرار دیا اور کہا کہ ایرانی حکومت اپنے خاتمے کے قریب پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک دوسرا مشن بھی ہے جسے مکمل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے ایرانی حکومت کو گرانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اسے انجام دینے کے لیے اسرائیلی عزم کا اعادہ کیا۔

نیتن یاہو کا یہ بیان اسرائیلی وزیراعظم کے ایرانی حکومت کے مستقبل سے متعلق بار بار سامنے آنے والے موقف کے تناظر میں آیا ہے۔ نیتن یاہو نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ ایران میں حکومت کا خاتمہ پہنچ میں ہے۔ ان کا ماننا تھا کہ تہران، واشنگٹن اور تل ابیب کے درمیان 28 فروری کو چھڑنے والی جنگ کے سایہ تلے یہ حکومت پہلے سے کہیں زیادہ کمزور ہو چکی ہے۔

نیتن یاہو نے بدھ کے روز ایک صحافتی انٹرویو میں بھی اپنی دھمکی دہراتے ہوئے کہا تھا کہ ہم ایران میں حکومت کا خاتمہ کریں گے اور وہ گر جائے گی۔ ہمارے تمام ادارے حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ اگر ایران نے اسرائیل پر حملہ کرنے کا فیصلہ کیا تو اسے سمجھنا چاہیے کہ یہ اس کے آخری فیصلوں میں سے ایک ہوگا۔

واضح رہے اسرائیلی وزیر دفاع یسرائيل کاٹز نے دو روز قبل دھمکی دی تھی کہ اگر ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو ان کا ملک ایران کے شہری اور توانائی کے شعبے کے بنیادی ڈھانچے پر بمباری کرے گا۔ یہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان حال ہی میں جنگی کارروائیوں میں اچانک تیزی کے درمیان حالیہ اور نئی اسرائیلی دھمکی ہے۔ دریں اثنا اسرائیلی فوج نے اتوار کو چیف آف سٹاف کی سطح پر ایک اچانک مشق شروع کی ہے تاکہ کسی اچانک متعدد محاذوں والے واقعے سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریوں کی جانچ کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں