یمنی فوج کی حوثیوں کے خلاف شدید لڑائی، ایک لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد بے گھر
یمن میں میدانی ذرائع نے بدھ کے روز بتایا کہ یمنی مسلح افواج نے تعز کے مغرب میں البرح۔المخا شاہراہ پر حوثیوں کی کمک کو نشانہ بنایا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ یمنی مسلح افواج نے لحج گورنری میں المضاربہ محاذ پر حوثیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔
دوسری جانب بے گھر افراد کے کیمپوں کی انتظامیہ نے بتایا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے ستمبر کے آغاز میں کشیدگی میں اضافے کے بعد 8 گورنریوں میں تقریباً 18 ہزار بے گھر خاندانوں کا اندراج کیا گیا ہے، جن میں ایک لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد شامل ہیں۔
تعز میں بے گھر افراد کی سب سے زیادہ تعداد ریکارڈ کی گئی، جہاں تقریباً 9 ہزار 500 خاندان متاثر ہوئے، خاص طور پر المخا، الوازعیہ، ذو باب اور مقبنہ کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد ہیں۔
دوسری جانب یمنی مسلح افواج نے کہا ہے کہ وہ لحج اور تعز گورنریوں کے درمیان سرحدی علاقے المنصورہ محاذ پر حوثی ملیشیا کے ساتھ مختلف اقسام کے ہتھیاروں سے شدید لڑائی لڑ رہی ہیں
یمنی فوجی ذرائع کے مطابق حوثی ملیشیا نے لحج گورنری کے جنوب مغرب میں المضاربہ ضلع سے متصل پہاڑی سلسلے میں سرکاری فورسز کے ٹھکانوں پر شدید حملہ کیا، تاہم قبائلی جنگجوؤں کی حمایت سے سرکاری فورسز نے حوثیوں کا حملہ پسپا کر دیا۔یمنی مسلح افواج کے جنگی طیاروں نے المخا اور شمالی محاذوں میں حوثی ملیشیا کے ہیڈکوارٹرز اور اسلحہ و فوجی سازوسامان کو بھی نشانہ بنایا۔
4
