1

ایران آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کھو چکا ہے:روبیو

ایران آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کھو چکا ہے:روبیو
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بدھ کے روز کہا کہ ایران آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کھو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی معیشت ’’مکمل اور جامع تباہی‘‘ کا شکار ہے۔روبیو نے ایتھنز کے دورے کے دوران کہا کہ اس وقت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تیل کی مقدار تقریباً اتنی ہی ہے، جتنی اس تنازع کے آغاز سے قبل منتقل کی جاتی تھی، لہٰذا ایران نے اس اہم آبنائے پر مکمل کنٹرول کھو دیا ہے، جو خلیج سے ایندھن کی برآمدات کے لیے انتہائی اہم ہے۔

روبیو نے کہا کہ ایران نے جوہری پروگرام پر امریکہ کے ساتھ معاہدہ کرنے کے متعدد مواقع سے فائدہ نہیں اٹھایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران اپنا پیسہ دہشت گردی، ہتھیاروں اور حزب اللہ پر خرچ کرتا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ ایران کی صنعتی، فوجی اور جنگی صلاحیت کو تباہ کر رہے ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ ایران کے پاس جوہری پروگرام نہیں ہو سکتا۔

روبیو بدھ کے روز ایتھنز پہنچے، جہاں امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق وہ نیٹو کے رکن یونان کے ساتھ علاقائی سلامتی اور توانائی کے تحفظ سے متعلق ’’اسٹریٹجک ڈائیلاگ‘‘ میں شرکت کر رہے ہیں۔ایران اور یوکرین میں جاری دونوں جنگوں نے توانائی کی سپلائی کے نظام کی کمزوری کو نمایاں کیا ہے، جبکہ یونان جنوب مشرقی یورپ میں قدرتی گیس کی ترسیل کے ایک اہم مرکز کے طور پر اپنی حیثیت مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

روبیو منگل کو آئس لینڈ سے روانہ ہوکر یونان پہنچے تھے۔ وہ یونانی حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں وزیراعظم کیریاکوس مٹستوتاکیس اور وزیر خارجہ یورگوس یراپیتریتیس شامل ہیں۔

روبیو نے دورے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:یونان امریکہ کا ایک انتہائی اہم اتحادی ہے۔انہوں نے مزید کہا:یہ ایک ایسا ملک ہے جہاں ہماری نہ صرف فوجی موجودگی ہے بلکہ اس کے ساتھ ہمارے مضبوط اقتصادی تعلقات بھی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں