6

مطالبات پورے کیے بغیر امریکہ سے بات چیت نہیں ہوگی، ایران کا پاکستانی آرمی چیف کو پیغام

مطالبات پورے کیے بغیر امریکہ سے بات چیت نہیں ہوگی، ایران کا پاکستانی آرمی چیف کو پیغام

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق تہران نے منگل کو پاکستانی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو آگاہ کیا کہ مطالبات پورے ہونے تک امریکہ کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوں گے۔ پاکستان کی جانب سے ثالثی کی کوششوں کے باوجود ایران نے اپنے مؤقف میں سختی برقرار رکھی ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی ”نور نیوز” کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے تہران میں عاصم منیر سے ملاقات کے دوران ثالثی کی کوششوں اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکہ کو پہلے دھمکیاں اور پابندیاں ختم کرنا ہوں گی، جس کے بعد اس کے ساتھ بات چیت شروع کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام کو آج امریکہ پر اعتماد نہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ اگر مذاکرات کیے گئے تو امریکہ دوبارہ حملہ کر دے گا۔

پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان ایک اہم ثالث ہے۔ پاکستان کی سابقہ ثالثی کوششوں کے نتیجے میں جون میں ایک عارضی امن معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، تاہم چند ہفتوں بعد ایران اور امریکہ کے درمیان دوبارہ لڑائی شروع ہونے سے ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ پر عمل درآمد کی کوششیں تعطل کا شکار ہو گئیں۔

عاصم منیر نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات سے متعلق ایرانی بیان میں کہا گیا کہ ایرانی عہدیدار نے واضح کیا کہ گزشتہ ماہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے پیش کی گئی سات شرائط پوری کیے بغیر واشنگٹن تہران کا اعتماد حاصل نہیں کر سکتا۔

محمد باقر قالیباف نے کہا کہ تہران کے پاس امریکہ کے ساتھ بات چیت کے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے اور امریکہ صرف سات شرائط پر عمل کرکے ایران کا اعتماد حاصل کر سکتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ دھمکیوں اور فوجی نقل و حرکت سے اسلامی جمہوریہ ایران کے تزویراتی فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہوا جا سکتا۔

ایرانی شرائط میں اس کی بندرگاہوں کی امریکی ناکہ بندی ختم کرنا، ایرانی تیل کی برآمدات پر پابندیاں اٹھانا اور خطے کے تمام محاذوں پر جنگی کارروائیاں بند کرنا شامل ہیں۔

دوسری جانب ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے عاصم منیر سے الگ ملاقات کے دوران بھی یہی پیغام دیا کہ تہران کے مطالبات پورے ہونے تک امریکہ سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

محسن رضائی نے یہ بھی کہا کہ ایران تمام افزودہ جوہری مواد اپنے ملک میں ہی رکھے گا۔ انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے اس مؤقف کی توثیق کی کہ ہتھیار بنانے کے لیے درکار سطح کے قریب افزودہ یورینیم بیرون ملک نہیں بھیجا جانا چاہیے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے رواں ماہ کہا تھا کہ جنگ ختم کرنے اور امریکہ کے مطالبات پورے کرنے کے لیے ایران کو یورینیم افزودہ کرنے کی اپنی صلاحیت میں ’’نمایاں‘‘ کمی کرنا ہوگی۔ دونوں ملکوں کے درمیان جنگ گزشتہ آٹھ ماہ سے جاری ہے۔

اسرائیل، امریکہ اور دیگر مغربی ممالک ایک عرصے سے ایران پر جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوششوں کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران 60 فیصد تک یورینیم افزودہ کر رہا ہے، جو پُرامن شہری مقاصد کے لیے درکار سطح سے کہیں زیادہ اور جوہری ہتھیار بنانے کے لیے درکار تقریباً 90 فیصد افزودگی کی سطح کے قریب ہے۔ تاہم ایران جوہری ہتھیار بنانے کی کوششوں کی تردید کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں