5

ایران پر حملے کے لیے امریکی صدر سے اجازت کی ضرورت نہیں، اصل ہدف ایرانی نظام کو گرانا ہے

ایران پر حملے کے لیے امریکی صدر سے اجازت کی ضرورت نہیں، اصل ہدف ایرانی نظام کو گرانا ہے
اسرائیل کے آنے والے انتخابات سے قبل اور واشنگٹن اور تہران کے درمیان شدید کشیدگی کے ماحول میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نتن یاھو نے ایران میں حکومت کے خاتمے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ “ایرانی خطرے” کا خاتمہ کرنے کے لیے صرف ایٹمی تنصیبات پر حملہ کرنا کافی نہیں ہے۔

وزیراعظم بنیامن نتن اسرائیلی چینل 7 کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ “ایرانی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کرنا اس وقت تک کافی نہیں ہے جب تک وہاں کی حکومت قائم ہے۔ وہ اس سے قبل بھی اپنی فوج اور موساد کو یہ ہدایات دے چکے ہیں کہ “اصل اور حتمی حل ایرانی نظام کو مٹانا ہے”۔

انہوں نے اس بات کا بھی دعویٰ کیا کہ “ایران میں 90 فیصد مشن مکمل ہو چکا ہے”۔ تاہم انہوں نے اس بات کی کوئی وضاحت نہیں کی کہ ان کے نزدیک کیا مکمل ہوا اور کیا باقی رہ گیا ہے، جبکہ ان کا کہنا تھا کہ “ایرانی نظام کا قائم رہنا اسے اپنی طاقت کو دوبارہ بحال کرنے کا موقع فراہم کرے گا”۔

نتن یاھو نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ “ایک سال قبل ایران ہم پر ایٹم بموں سے حملہ کر کے ہمیں تباہ کرنے کے قریب تھا اور جب مجھے اس کا علم ہوا تو میں نے ایک ایسی کارروائی کا آغاز کیا جسے ہم نے اکیلے لڑا۔ یہاں کچھ اچھے لوگوں نے مجھ سے کہا کہ ٹھیک ہے، لیکن ہمیں امریکہ سے گرین سگنل (اجازت) حاصل کرنی چاہیے، میں نے جواب دیا کوئی گرین سگنل نہیں ہے۔ ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ ہمارا وجود کوئی ایسا موضوع نہیں ہے جس پر سودے بازی کی جا سکے”۔

امریکہ کی طرف سے حملے کی روک تھام کی تردید

اسی اثنا میں نیتن یاھو نے برطانوی اخبار ’فائنینشل ٹائمز‘ کی اس رپورٹ کی مکمل تردید کی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 10 اکتوبر کی تعطیلات کے دوران ایران پر قابض اسرائیل کے ایک وسیع پیمانے پر طے شدہ حملے کو روک دیا تھا۔ انہوں نے اس رپورٹ کو “غیر حقیقی اور متعصبانہ” قرار دیا۔

نتن یاھو نے مزید کہا کہ “میں ٹرمپ کو اس بات سے آگے رکھوں گا جو ہم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، لیکن میں ایران پر حملہ کرنے کے لیے ان سے کسی گرین سگنل یا اجازت کا مطالبہ نہیں کروں گا”۔

یہ بیان برطانوی اخبار کی بدھ کو شائع ہونے والی رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے ایران کے خلاف ایک نئی عسکری کارروائی شروع کرنے کے لیے دباؤ ڈالا تھا، لیکن تین نومبر کو ہونے والے امریکی مڈ ٹرم انتخابات سے پہلے ٹرمپ کی جانب سے جنگ کی بحالی کی مخالفت کے باعث وہ اس پر عمل درآمد نہ کر سکے۔

جب نتن یاھو سے براہ راست پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے حملے کی منصوبہ بندی کی تھی اور ٹرمپ نے انہیں آگے بڑھنے سے روکا تھا، تو انہوں نے اس کی تردید ، تاہم انہوں نے ان نکات کی وضاحت نہیں کی جن پر انہیں اعتراض تھا۔ انہوں نے کہا کہ “یہ رپورٹ بالکل غلط ہے۔ میں اس متعصبانہ رپورٹ کی تصحیح میں نہیں پڑوں گا”۔

دوسری طرف اخبار نے منصوبوں سے واقف تین باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ قابض فوج نے 10 اکتوبر کی تعطیلات کے دوران کئی دنوں تک ایرانی اہداف پر شدید حملوں کی تیاری کر رکھی تھی اور وضاحت کی کہ مجوزہ کارروائی میں ایٹمی تنصیبات، پاور پلانٹس، دیگر شہری بنیادی ڈھانچے اور ایرانی حکومت سے منسلک اضافی مقامات کو نشانہ بنانا شامل تھا۔

قابض افواج کی ہائی الرٹ کی حالت

نیتن یاھو کے یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اسرائیل کے ایک سکیورٹی عہدیدار نے اشارہ دیا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ایران کے ساتھ جنگ چھڑنے کا امکان بڑھتا جا رہا ہے، انہوں نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے ساتھ تعاون کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر جائزے اور ہائی الرٹ کی حالت میں اضافے کی تصدیق کی، جیسا کہ ویب سائٹ ‘والا’ نے نقل کیا۔

اسی طرح یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکہ اور قابض اسرائیل کے درمیان ایران کے خلاف عسکری کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کے لیے جاری تیاریوں کے اشارے مل رہے ہیں، کیونکہ امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ نے امریکی عہدیداروں اور بات چیت سے واقف افراد کے حوالے سے بتایا ہے کہ دونوں فریقوں نے تین نومبر کو ہونے والے امریکی مڈ ٹرم انتخابات کے بعد نئے حملے شروع کرنے کے منصوبے تیار کر رکھے ہیں، جن میں ایٹمی تنصیبات، توانائی کے بنیادی ڈھانچے، اور ایران کے میزائل و ڈرون کے ذخائر کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ یہ تمام تحرکات کشیدگی کو روکنے کے لیے جاری سفارتی کوششوں کے متوازی سامنے آ رہے ہیں، جبکہ جنگ کے خاتمے کی شرائط، ایرانی ایٹمی فائل اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی سکیورٹی کے حوالے سے شدید اختلافات برقرار ہیں۔ اب تک کی درمیانی کوششیں اس تنازع کا کوئی باقاعدہ حل نکالنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں