ایرانی فوج کا دعویٰ، بندر عباس کے اوپر اڑ رہے امریکی ’لوکاس‘ ڈرون کو مار گرایا
آئی آر این اے نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعہ بتایا کہ ایرانی فوج کے فضائی دفاعی یونٹوں نے بندر عباس کے اوپر آسمان میں موجود امریکی فوج کے ایک حملہ آور ’لوکاس‘ ڈرون کو تباہ کر دیا۔
ایران اور امریکہ کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ اتوار کی صبح ایرانی فوج نے بندر عباس کے اوپر اڑ رہے ایک امریکی ’لوکاس‘ ڈرون کو مار گرانے کا دعویٰ کیا۔ ایران کی ’مہر‘ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی فوج کے فضائی دفاعی یونٹوں نے اتوار کی صبح بندر عباس کے اوپر اڑ رہے ایک امریکی ’لوکاس‘ ڈرون کو مار گرایا۔
اسلامک ریپبلک نیوز ایجنسی (آئی آر این اے) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس واقعے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ایرانی فوج کے فضائی دفاعی یونٹوں نے بندر عباس کے اوپر آسمان میں موجود امریکی فوج کے ایک حملہ آور ’لوکاس‘ ڈرون کو تباہ کر دیا۔ فوج کے تعلقات عامہ کے دفتر نے بتایا کہ ملک کے مربوط فضائی دفاعی نظام کے تحت کام کر رہے فضائی دفاعی یونٹوں نے بندر عباس کی فضائی حدود میں موجود امریکی ’لوکاس‘ ڈرون کو تباہ کر دیا۔ واضح رہے کہ 20 اکتوبر کو آئی آر جی سی کے فضائی دفاعی نظام نے آبنائے ہرمز کے اوپر ایک امریکی ایم کیو-9 ڈرون کو روک کر مار گرایا تھا۔ آئی آر جی سی کے مطابق یہ اس نوعیت کا 54 واں ڈرون تھا جسے مار گرایا گیا۔
آئی آر جی سی نے اپنے بیان میں بتایا کہ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے شروع کی گئی فوجی کارروائی کے بعد سے ایران کی مسلح افواج نے جاسوسی اور جنگی ڈرونز کے علاوہ دشمن کے کئی دیگر طیاروں کو بھی مار گرایا ہے۔ آئی آر جی سی کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں ایسے تنازعہ کے دوران کی گئی ہیں جسے وہ اقوام متحدہ (یو این) کے منشور اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتا ہے۔ یہ تازہ ترین واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خطے میں فوجی سرگرمیوں اور کشیدگی پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
اسرائیلی افواج مغربی کنارے کے جنوب میں واقع الخلیل گورنری میں مسلسل چوتھے روز بھی اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس دوران کارروائیوں، فوجی کمک اور پابندیوں اور بندشوں میں اضافہ ہوا ہے۔الخلیل میں ”امدادی و ریلیف کمیٹی” کے مطابق شہر میں بے گھر افراد کی تعداد بڑھ کر تقریباً 2649 ہو گئی ہے۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی ”وفا” نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی اضافی نفری، بکتر بند گاڑیوں اور فوجی مشینری کے ہمراہ، نصف شب کے وقت ”فرش الہویٰ” کے داخلی راستے سے الخلیل شہر میں داخل ہوئی۔ اسی دوران جنوبی علاقے میں ”جبل کرباج” کے قریب بھی کارروائی کی گئی، جبکہ ”الجلدہ” کے علاقے میں فوجی کمک اور بڑے ٹرک پہنچے۔وفا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے متعدد فلسطینی گاڑیاں ضبط کر لیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ”عین دیر بحہ” کے علاقے میں بھی نئی فوجی کمک پہنچی اور وہاں گاڑیوں پر قبضہ کیا گیا۔ایک اور واقعے میں ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے ”جبل الرحمہ” کے علاقے میں ایک سڑک کو فلسطینیوں اور آباد کاروں کے درمیان تقسیم کر دیا، جس سے شہریوں کی آمد و رفت محدود ہو گئی ہے۔
الخلیل کے گورنر خالد دودین نے جنہوں نے بدترین کی توقع ظاہر کی اور الزام عائد کیا کہ اسرائیل جان بوجھ کر گھروں کا سامان توڑ رہا ہے، شہریوں کو خوفزدہ کر رہا ہے اور میدانی تفتیشی مراکز قائم کر رہا ہے۔ ان کے مطابق اب تک 70 سے زائد شہریوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے گاڑیوں پر فائرنگ بھی کی۔
دودین نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ 450 خاندانوں کو زبردستی بے گھر کیا گیا ہے اور ”دیر بحہ” اور ”الجلدہ” کے علاقوں سے 2300 سے زائد شہریوں کو نکال دیا گیا ہے۔ 500 سے زیادہ گھروں کی تلاشی لی گئی اور گورنری کو 128 بند دروازوں (گیٹوں) اور 120 اسرائیلی فوجی چوکیوں کے ذریعے ٹکڑوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔
اسرائیلی افواج الخلیل شہر میں ”الجلدہ” اور ”دیر بحہ” کے علاقے بند رکھے ہوئے ہیں، جب انہوں نے طاقت کے زور پر خاندانوں سے ان علاقوں کے وسیع حصے خالی کروائے۔ اس سے رہائشیوں، معاشی مفادات اور املاک کو پہنچنے والا نقصان بڑھتا جا رہا ہے۔
اسرائیلی افواج فلسطینیوں کو شہر، قصبوں اور کیمپوں کے داخلی راستوں پر بند گیٹوں سے گزرنے سے بھی روک رہی ہیں۔ یہ بندشیں خاص طور پر الخلیل شہر کے داخلی راستوں اور قصبوں اذنا، بنی نعیم اور حلحول نیز الفوار اور العروب کیمپوں پر مرکوز ہیں۔
اسی سلسلے میںعلیحدگی کی دیوار اور آبادکاری کے خلاف مزاحمتی کمیشن نے اتوار کو جاری بیان میں بتایا کہ گزشتہ ستمبر کے دوران الخلیل گورنری میں اسرائیلی فورسز اور آبادکاروں کی جانب سے 272 حملے ریکارڈ کیے گئے، جن میں سے 122 حملے آبادکاروں نے کیے۔
