امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات سے باخبر ایک عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا کہ معاہدہ طے کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں قطری ثالث جمعہ کو تہران واپس پہنچ گئے۔
عہدیدار نے کہا یہ ثالثی مذاکرات امریکہ کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ کیے جا رہے ہیں۔
ان کے مطابق قطر نے اتوار کو ایران کے سامنے امن منصوبے کا ایک مسودہ پیش کیا تھا۔ تاہم ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے ان تجاویز کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور کہا کہ تہران اپنی جوہری پوزیشن برقرار رکھے گا۔
واشنگٹن کی خواہش ہے کہ ایران کے جوہری مسائل مذاکرات کے آغاز سے ہی شامل کیے جائیں۔ دوسری جانب تہران کا مطالبہ ہے کہ امریکہ پہلے اپنی بندرگاہی ناکہ بندی ختم کرے اور تیل کی برآمدات پر عائد پابندیاں اٹھائے۔
ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے بدھ کے روز کہا کہ تہران تجاویز کا جائزہ لینے کے لیے ثالثین سے قریبی رابطے میں تھا تاکہ جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کے پیش کردہ سات روزہ منصوبے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
جمعرات کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نائب صدر جے ڈی وینس کا ایران سے رابطہ طبی سامان کی فراہمی سے متعلق تھا جبکہ امریکی میڈیا میں اسے امن مذاکرات بحال کرنے کی کوششوں سے جوڑا گیا۔
