ایٹمی کشیدگی کے بیچ امید کی کرن، تہران کا دو دن میں معاہدے کا عندیہ
واشنگٹن اور تہران کے درمیان حالیہ دھمکیوں کے تبادلے کے باوجود ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے آنے والے چند دنوں میں معاہدے تک پہنچنے کے امکان کی طرف اشارہ کیا ہے۔
بقائی نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں وضاحت کی کہ امریکا کے ساتھ سفارت کاری کی بنیاد ایران کی سات نکاتی تجویز پر قائم ہے۔
انہوں نے مزید کہا: اس تجویز کو مختصر کر دیا گیا ہے اور اب اس پر عمل درآمد دو دن کے اندر ممکن ہو گیا ہے۔
گیند اب واشنگٹن کے کورٹ میں ہے
تاہم انہوں نے واشنگٹن پر الزام لگایا کہ وہ ہر سفارتی راستے کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا: واشنگٹن اب تک یہ ثابت کر چکا ہے کہ وہ ہر سفارتی راستے کو ناکام بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ان کے ملک نے اپنے مطالبات واضح طور پر پیش کر دیے ہیں اورگیند اب واشنگٹن کے کورٹ میں ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ امریکی اور ایرانی فریقوں کے درمیان پیغامات کا تبادلہ ثالثوں کے ذریعے جاری ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ نائب وزیرِ خارجہ غریب آبادی اس عمل کو آسان بنانے کے لیے دوحہ گئے تھے اور امریکا سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا فیصلہ کرے۔
آخر میں انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران اگر واشنگٹن نے اس کے مطالبات مان لیے تو دو دن کے اندر آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے تیار ہے۔
ایک اور اجلاس کے انعقاد کا امکان
اسی دوران رائٹرز کو ایک باخبر عہدیدار نے بتایا کہ ایرانی مذاکرات کار کل دوحہ سے روانہ ہو گئے اور مذاکرات کے معاملے میں انہیں کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک مجوزہ مسودہ گردش میں رہا تاکہ اس پر آرا اور تبصرے حاصل کیے جا سکیں اور فالو اپ کے لیے ایک اور اجلاس منعقد ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔
کوئی حتمی نتیجہ نہیں
ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے گزشتہ روز اتوار کو واضح کیا تھا کہ قطریوں کے ساتھ بات چیت آگے بڑھ رہی ہے، لیکن اب تک کسی حتمی نتیجے تک رسائی نہیں ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جاری بات چیت کا محور وہ سات روزہ تجویز ہے ،جو ان کے ملک نے ستمبر (2026) میں امریکی فریق کو پیش کی تھی۔ اس میں جنگ بندی، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا، جوہری معاملے پر مذاکرات کی بحالی، بیرونِ ملک منجمد ایرانی اموال کی رہائی اور ایرانی بندرگاہوں پر عائد امریکی بحری ناکہ بندی کا خاتمہ شامل تھا۔
تاہم امریکا نے اس وقت اسے مسترد کر دیا تھا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے ”بُری تجویز” قرار دیا تھا۔
یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں، جب یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں کہ امریکا میں 3 نومبر کو ہونے والے کانگریس کے وسط مدتی انتخابات ختم ہوتے ہی ایران پر نئے امریکی حملے کیے جا سکتے ہیں۔
