امریکہ کے ایران کے جزیرہ قشم پر محدود حملے: وال سٹریٹ جرنل
امریکی جریدے وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ نے پیر کے روز ایران کے جزیرہ قشم پر حملہ کیا۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تہران کے ساتھ آٹھ ماہ سے جاری تنازعے کو ختم کرنے کے لیے ہونے والی بات چیت میں پیش رفت کا اشارہ دیا تھا۔
وال سٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ آبنائے ہرمز میں واقع سب سے بڑے جزیرے ‘قشم’ پر کیا گیا یہ حملہ، ان محدود کارروائیوں کے سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہے جو امریکہ نے حالیہ ہفتوں کے دوران ایران کے خلاف خفیہ طور پر کی ہیں۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘ارنا’ نے رپورٹ دی ہے کہ جزیرے پر یکے بعد دیگرے پانچ دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور کچھ مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ انہوں نے جزیرے کے اوپر دو طیاروں کو اڑتے ہوئے دیکھا ہے۔
اخبار کے مطابق، امریکہ گزشتہ کئی ہفتوں سے ایران کے خلاف چھوٹے پیمانے پر حملے کر رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کچھ حکام نے ان حملوں کو ‘دفاعی نوعیت’ کا قرار دیا ہے، جس کا مقصد ایران کو آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملے کرنے کی آزادی سے روکنا ہے۔ آبنائے ہرمز تیل کی ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے، جو فروری کے اواخر میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے بڑی حد تک بند پڑا ہے۔
اخبار کا کہنا ہے کہ امریکہ نے ان حملوں کا عوامی سطح پر اعلان نہیں کیا، تاکہ یہ تاثر نہ جائے کہ وہ بڑے پیمانے پر جنگی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
پیر کے روز امریکہ میں وسط مدتی انتخابات سے ایک روز قبل صدر ٹرمپ نے کہا کہ تہران کے ساتھ ایک معاہدہ “ممکن ہو سکتا ہے۔”
ایران کے جزیرہ قشم پر امریکی حملے کی خبر سامنے آنے کے بعد منگل کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 4 منٹ پر برینٹ کروڈ کی قیمت 48 سینٹ یعنی 0.5 فیصد اضافے کے بعد 105.25 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) 47 سینٹ اضافے سے 96.93 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
تیل کی قیمتوں میں یہ اضافہ پیر کو ہونے والی نمایاں کمی کے بعد سامنے آیا ہے، جب برینٹ کروڈ 8.66 ڈالر یعنی 7.63 فیصد کمی کے بعد 104.77 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا تھا۔
جزیرہ قشم پر امریکی حملے کی اطلاعات نے خطے میں کشیدگی اور تیل کی ترسیل سے متعلق خدشات بڑھا دیے ہیں۔ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کی اہم گزرگاہ ہے، جہاں کسی بھی فوجی کشیدگی کے اثرات عالمی منڈی میں قیمتوں پر پڑ سکتے ہیں۔
