6

سعودی قیادت کا شام کے لیے 403 ملین ڈالر کے ترقیاتی قرضوں کا اعلان

سعودی قیادت کا شام کے لیے 403 ملین ڈالر کے ترقیاتی قرضوں کا اعلان

سعودی فنڈ برائے ترقی اور شامی وزارتِ خزانہ کے درمیان 403 ملین ڈالر سے زائد مالیت کے 6 رعایتی ترقیاتی قرضوں کے معاہدےشاہ سلمان اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے سعودی فنڈ برائے ترقی نے شام کی وزارتِ خزانہ کے ساتھ 6 رعایتی ترقیاتی قرضوں کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، جن کی مجموعی مالیت 403 ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔

یہ قرضے شام میں توانائی، پانی، صحت، رہائش، بنیادی ڈھانچے اور ڈیجیٹل تبدیلی کے شعبوں کی معاونت کے لیے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

معاہدوں پر فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان المرشد اور شام کی جانب سے وزیر خزانہ محمد یسر برنیہ نے دستخط کیے۔

منصوبوں کا مقصد حلب تھرمل پاور اسٹیشن کے جنریشن یونٹس کی بحالی ہے، جس پر 90 ملین ڈالر لاگت آئے گی اور جس سے تقریباً 5 ملین افراد مستفید ہوں گے۔ اس سے اسٹیشن کی پیداواری صلاحیت بحال ہوگی، شہریوں اور عوامی اداروں کو مستحکم بجلی ملے گی، معاشی و صنعتی سرگرمیوں کو سہارا ملے گا اور قومی بجلی نظام مستحکم ہوگا۔

اس کے علاوہ پینے کے پانی کی پیمائش کے نظام کی جدید کاری کا 30 ملین ڈالر کا منصوبہ ہے، جس کے تحت 3 لاکھ اسمارٹ واٹر میٹر فراہم کر کے نصب کیے جائیں گے اور مختلف صوبوں میں تقریباً 1اعشاریہ5 ملین افراد کو فائدہ پہنچے گا۔

ایک اور منصوبہ کئی صوبوں میں 25 سول ڈیفنس مراکز کی تعمیر، بحالی اور تجہیز کا ہے، جس پر 105 ملین ڈالر خرچ ہوں گے اور 7 ملین سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔

اس کا مقصد متاثرہ کمیونٹیز کے استحکام کے لیے ہنگامی صلاحیتوں اور آفات کے انتظام کو بحال اور مضبوط کرنا ہے،اس میں ہنگامی ردعمل اور ملبہ ہٹانے کا کام بھی شامل ہے۔

معاہدوں میں مختلف علاقوں کے 10 ہزار تک متاثرہ رہائشی یونٹس کی بحالی کا 60 ملین ڈالر کا منصوبہ بھی شامل ہے، جس سے سماجی استحکام کو تقویت ملے گی۔

اسی طرح مختلف علاقوں میں اسپتالوں اور صحت مراکز کی بحالی، تعمیر اور تجہیز کا 100 ملین ڈالر کا منصوبہ ہے، جس کا مقصد صحت کے شعبے کی بحالی میں مدد دینا، بنیادی اور ماہر طبی خدمات بہتر بنانا، علاج تک رسائی کا دائرہ بڑھانا اور موجودہ اسپتالوں پر دباؤ کم کرنا ہے۔

آخر میں وزارتِ خزانہ کی ڈیجیٹل تبدیلی اور ادارہ جاتی ترقی کا 18 ملین ڈالر سے زائد کا منصوبہ ہے، جس کا مقصد سرکاری مالی خدمات کی کارکردگی اور شفافیت بڑھانا اور صارفین کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔

یہ منصوبے سعودی فنڈ برائے ترقی کے ذریعے برادر ملک شام کی مدد کے سلسلے میں مملکت سعودی عرب کی کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں، تاکہ لوگوں کے معیارِ زندگی اور بنیادی خدمات میں بہتری آئے اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی میں حصہ ڈالا جا سکے۔

واضح رہے کہ مملکت نے سعودی فنڈ برائے ترقی کے ذریعے ستمبر 2025 میں شام کو دو گرانٹس بھی فراہم کی تھیں، جن کے تحت شام کو خام تیل فراہم کیا گیا اور تین ماہ کی مدت کے لیے ملازمین کی تنخواہوں کا ایک حصہ ادا کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں