5

سوات: کبل تھانے کے قریب خودکش دھماکہ، 14 افراد جاں بحق، 18 زخمی

دھماکہ اُس وقت ہوا جب سوات میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے خلاف لوگ ’امن مظاہرہ‘ کر رہے تھے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں کبل پولیس سٹیشن کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق خود کش حملہ آور نے پولیس سٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے سے تھانے کی عمارت کو جزوی نقصان بھی پہنچا۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور تمام مہلوکین اور زخمیوں کو سنٹرل ہسپتال سوات منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری ڈی پی او سوات محمد عمر خان کی قیادت میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ خودکش تھا، جبکہ جائے وقوعہ سے حملہ آور کا سر بھی ملا ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکے کی نوعیت اور استعمال ہونے والے بارودی مواد کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ ممکنہ سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

دھماکے کے بعد پولیس اہلکار جائے حادثہ کامعائنہ کر رہے ہیں: اے ایف پی
دھماکے کے بعد پولیس اہلکار جائے حادثہ کامعائنہ کر رہے ہیں: اے ایف پی
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد حملہ آور کے افغان شہری ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہیں، تاہم حتمی تصدیق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کی جائے گی۔

ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے کہا کہ حملے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگا کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا جبکہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔

وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی مذمت
وزیراعظم شہباز شریف نے سوات میں کبل پولیس اسٹیشن پر خودکش دھماکے میں اموات پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی ہے۔

وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی کی دعا کی جب کہ انہوں نے دھماکے میں ہونے والے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کبل پولیس سٹیشن کے قریب خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے جب کہ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بھی کبل پولیس اسٹیشن پر خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ امن دشمن عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے شہید پولیس اہلکاروں اور شہریوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے زخمی پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی مکمل اور جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی اور کہا کہ زخمیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ سوات امن مظاہرے کے دواران بم حملہ افسوسناک ہے، اللہ پاک شہدا کے درجات بلند فرمائے، زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں