6

ایردوآن آج سعودی ولی عہد اور شہباز شریف سے ملاقات کر رہے ہیں

ایردوآن آج سعودی ولی عہد اور شہباز شریف سے ملاقات کر رہے ہیں
علاقائی کشیدگی اور جنگ کے خاتمے پر تبادلۂ خیال ہو گا، مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کا امکان
ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن کی آج سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے، یہ بات ایک سینئر ترک عہدیدار نے جمعہ کو کہی۔

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء اور حکام پر مشتمل ایک وفد شہباز شریف کی قیادت میں جمعرات کو سہ روزہ دورے پر جدہ پہنچا۔ دفترِ خارجہ پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ شہباز شریف دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے اور سعودی ولی عہد سے علاقائی پیش رفت پر تبادلۂ خیال کریں گے۔

شریف اور ایردوآن کا سعودی عرب کا دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب شرقِ اوسط کی کشیدگی عروج پر ہے اور تہران نے اس ہفتے کے شروع میں آبنائے ہرمز کے راستے جہازرانی کے لیے عمان سے ایک معاہدہ کیا ہے۔

ترک ایوانِ صدر میں مواصلت کے سربراہ برہان الدین دوران نے ایکس پر لکھا، “ہمارے صدر عزت مآب رجب طیب ایردوآن سات اگست 2026 کو سعودی عرب کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔”

نیز کہا، “دورے کے فریم ورک میں صدرِ مملکت سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی توقع ہے۔”

ایردوآن کے دورۂ سعودی عرب یا سربراہانِ مملکت کے درمیان ممکنہ ملاقات میں کیا گفتگو ہو گی، اس کے بارے میں پاکستانی اور سعودی حکام نے کوئی بات نہیں کی۔ تاہم بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی عرب، ترکی اور پاکستان جمعے کو جدہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کریں گے۔

امریکہ-ایران جنگ سے خلیجی ریاستوں کو نقصان اٹھانا پڑا اور آبنائے ہرمز اور بحیرۂ احمر کے راستے جہازرانی میں شدید خلل آیا ہے جس کے باعث علاقائی طاقتیں سکیورٹی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہیں، اے ایف پی نے کہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں