مکہ دفاعی معاہدہ کسی کے خلاف جارحیت کے لیے نہیں: وزیر اعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا دفاعی معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے لیے اہم فریضہ ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مکہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پہلے سے موجود دفاعی تعاون کے معاہدے کی توسیع ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ تینوں برادر ممالک کے درمیان پہلے سے موجود تعاون کا تسلسل ہے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دہائیوں پر محیط قریبی تعاون موجود ہے جب کہ سعودی عرب کے ساتھ بھی پاکستان کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کا مقصد خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے، کہ باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے خطے میں استحکام کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے لیے ایک اہم فریضہ ہے اور پاکستان اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون خطے کے امن و استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرے گا، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان سہ فریقی دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف جارحیت یا محاذ آرائی کے لیے نہیں بلکہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ معاہدہ امت مسلمہ کے لیے باعث تقویت ہے۔ وزیراعظم نے سہ فریقی معاہدے کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کئی برسوں کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
اس سے قبل وزارتِ خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پیر کو ہی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کے حوالے سے قوم کے نام اپنا پیغام جاری کیا تھا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ’معاہدہ مکہ‘ پر دستخط پاکستان کے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ دیرینہ تزویراتی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے۔‘ ’یہ معاہدہ ہمارے خطے کو درپیش امن و سلامتی کے بدلتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون کو مضبوط بنانے کے ہمارے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اس امر کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ ’معاہدہ مکہ‘ دفاعی نوعیت کا ہے اور یہ کسی بھی ملک کے خلاف نہیں ہے۔‘
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’اس معاہدے کا مقصد بیرونی جارحیت کے خلاف اجتماعی قوت کو مضبوط بنانا اور اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کے دفاع کی صلاحیت کو مزید مستحکم کرنا ہے۔‘
’معاہدہ مکہ کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملے کو تمام تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا جو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت انفرادی اور اجتماعی دفاع کے فطری حق سے ہم آہنگ ہے۔‘
اسحاق ڈار نے کہا کہ ’پاکستان تنازعات کے پُرامن حل، خودمختاری اور بین الاقوامی قانون کے احترام اور خطے میں امن، استحکام اور خوش حالی کے فروغ کے لیے بدستور پُرعزم ہے۔‘ اُن کا کہنا تھا کہ ’معاہدہ مکہ تصادم کا ذریعہ نہیں بلکہ طاقت، یکجہتی اور باہمی احترام کے ذریعے امن کے لیے ہمارے اجتماعی عزم کا اظہار ہے۔‘
’وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کے دفترِ خارجہ نے تاریخی معاہدہ مکہ کو عملی جامہ پہنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔‘
وزیر خارجہ نے کہا کہ ’پاکستان کے قومی مفادات کے تحفظ اور سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستانی قیادت کا ویژن قابل تحسین ہے۔‘
