اسلام آباد کال سینٹر پر چھاپے کے بعد پاکستان نے 250 سے زائد غیر ملکیوں کو حراست میں لے لیا
پاکستانی حکام نے اسلام آباد میں ایک غیر قانونی کال سینٹر نیٹ ورک پر چھاپے کے بعد 250 سے زائد غیر ملکی شہریوں کو حراست میں لے لیا ہے، یہ بات حکام نے اتوار کو بتائی جیسا کہ تفتیش کار مبینہ طور پر آن لائن فراڈ، ویزا کی خلاف ورزیوں اور بلیک میلنگ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے رواں ماہ اسلام آباد کے علاقے گلبرگ گرینز میں ایک کثیر المنزلہ عمارت پر چھاپہ مارا جہاں چین اور ویتنام کے شہریوں سمیت سینکڑوں غیر ملکی مبینہ طور پر اپنے ویزوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کام کر رہے تھے۔
سرکاری دستاویزات سے معلوم ہوا کہ مشتبہ افراد سیاحتی اور کاروباری ویزوں پر پاکستان میں داخل ہوئے تھے لیکن مبینہ طور پر احاطے میں ایک “منظم کال سینٹر آپریشن” چلا رہے تھے۔
ایف آئی اے کے اہلکار عمر ارسلان نے عرب نیوز کو بتایا، “کال سینٹر پر کی گئی کارروائی مشترکہ تھی۔” انہوں نے مزید کہا، ایجنسی امیگریشن اور ویزا کی خلاف ورزیوں کی جانچ کر رہی ہے جبکہ این سی سی آئی اے کو سائبر کرائم اور دیگر غیر قانونی آن لائن سرگرمیوں کی تحقیقات کا کام سونپا گیا ہے۔
“کال سنٹر کے اندر ہونے والی تمام دھوکہ دہی، کمپیوٹر ڈیوائسز، موبائل ڈیوائسز، جن اکاؤنٹس سے پیسے کی منتقلی ہو رہی تھی، کرپٹو میں رقم کی منتقلی اور جو بھی غلط کام ہو رہے تھے، اس تمام پہلو کو این سی سی آئی اے دیکھ رہا ہے۔”
قانون کی خلاف ورزی پر سزاؤں کے لیے وضع کردہ فارن ایکٹ کے سیکشن 14 کے تحت 11 اگست کو پولیس رپورٹ درج کی گئی جس کے مطابق ابتدائی طور پر کم از کم 258 غیر ملکی شہری سپارکو پلازا نامی عمارت میں پائے گئے اور پاکستان کے انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم نے ان کی تفصیلات چیک کیں۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ان غیر ملکی شہریوں نے “کال سینٹر قسم کا ایک بہت بڑا بزنس سیٹ اپ” قائم کر رکھا تھا اور وہ ملازمت اور تجارتی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔ ان کے ویزے انہی مقاصد کے لیے جاری کیے گئے تھے۔
ایف آئی آر میں ناموں کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ مشتبہ افراد کا تعلق ویتنام، انڈونیشیا اور چین سمیت کئی ممالک سے ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تفتیش کار اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا نیٹ ورک نے مصنوعی ذہانت یا کسی اور جعلی طریقے سے اہم شخصیات کی ایسی ویڈیوز تو تیار نہیں کیں جنہیں سوشل میڈیا پر چلانا ہو۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹرڈ ایک کمپنی کے ذریعے یہ کارروائی کی گئی۔
کیا یہ گروپ متأثرین کو بلیک میل کرنے کے لیے نازیبا ویڈیوز بھی بنا رہا تھا، اس سوال پر تحقیقات کرنے والے این سی سی آئی اے کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر کہا، “آپ ایسا کہہ سکتے ہیں” لیکن مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
انہوں نے کہا، “ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔”
مقامی سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے جنہوں نے کال سینٹر قائم کرنے میں مبینہ طور پر ان غیر ملکی شہریوں کی مدد کی تھی۔
عمر ارسلان نے کہا، “کچھ پاکستانی شہری جو سہولت کار کے طور پر کام کر رہے تھے، کی واقعی شناخت ہو گئی ہے۔ انہیں امیگریشن اور متعلقہ محکموں میں سہولت فراہم کرنے والوں کی بھی ہم نے شناخت کر لی ہے تاہم اس مرحلے پر ہم ان کے نام ظاہر نہیں کر سکتے کیونکہ تحقیقات جاری ہیں۔”
ایف آئی اے اہلکار نے کہا کہ تفتیش کاروں کی انکوائری مکمل ہو جانے پر سہولت کاروں کے خلاف مزید مقدمات درج ہو سکتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق حکام زیرِ حراست افراد کی ملک بدری کے حوالے سے بھی کارروائی کر رہے ہیں۔
