امریکی دھمکیوں پر چین کا دوٹوک جواب: ایران سے تعاون جاری رکھیں گے
چین کی وزارتِ خارجہ نے ایران پر امریکی پابندیوں سے متعلق امریکی دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ چین کا ایران کے ساتھ تعاون ہمیشہ بین الاقوامی قانون کے دائرے میں ہوتا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لن جیان نے منگل کے روز کہا کہ چین اور ایران کے درمیان تعاون بین الاقوامی قانون کے دائرے میں ہے، اس میں کسی کو مداخلت یا رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے۔
ترجمان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ چین صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اپنے حقوق اور مفادات کے مضبوط تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
امریکہ نے پیر کے روز 60 افراد، اداروں اور بحری جہازوں پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ واشنگٹن کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ایران کی اقتصادی شہ رگ کاٹنا ہے، تاہم امریکہ نے ابھی تک سخت ترین پابندیاں عائد نہیں کی ہیں۔
