امریکی صدر نے اونٹاریو جھیل کو ’امریکہ‘ کا حصہ قرار دیتے ہوئے کینیڈا کا نقشہ شیئر کردیا
اپنے روایتی انداز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹک ٹاک پر ایک نئی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں وہ کینیڈا کا نقشہ دکھا رہے ہیں۔
ٹرمپ نے اپنے ہاتھ میں قلم لے کر اونٹاریو جھیل کا نام کاٹ دیا اور اس کی جگہ “امریکہ جھیل” کا نام لکھ دیا۔ گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران بڑے پیمانے پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ اب امریکہ کے پاس ایک خلیج (خلیج میکسیکو) اور ایک جھیل موجود ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے دو دن قبل اپنی پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر ایک پوسٹ میں اعلان کیا تھا کہ ان کی انتظامیہ “اونٹاریو جھیل کا نام بدل کر امریکہ جھیل رکھنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے، کیونکہ وہ اب اونٹاریو کے ساتھ زیادہ کاروبار کرنے کی توقع نہیں رکھتی”۔
کشیدگی میں اضافہ
یہ موقف امریکہ اور کینیڈا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تجارتی جنگ کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔
خصوصاً اس کے بعد جب ٹرمپ نے مذاکرات میں تعطل کے بعد ہفتے کے آخر میں 20 ارب ڈالر (17 ارب یورو) مالیت کی کینیڈین درآمدات پر 50 فیصد کسٹم ڈیوٹی عائد کرنے کا اعلان کیا، جس پر کینیڈا نے بھی جوابی کارروائی کی۔
