1

پاکستان کا حملہ 13 افغان طالبان ہلاک، سرحدی چوکی پر طالبان حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ

پاکستان کا حملہ 13 افغان طالبان ہلاک، سرحدی چوکی پر طالبان حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ
پاکستانی فضائیہ نے کچھ مہینوں کے وقفے کے بعد ایک بار پھر افغانستان کے اندر مبینہ طور پر بمباری کر کے 13 افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ ان ہلاک کیے گئے افراد کا تعلق افغان طالبان سے بتایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے طالبان کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ طالبان کی فوج نے بغیر کسی نقصان کے ایک پاکستانی فوجی چوکی پر حملہ کیا اور اسے تباہ کیا۔

پاکستانی سرحد سے جڑے افغان ضلع سپین بولدک سے جڑے پاکستان کے گلستان سیکٹر میں یہ تازہ کشیدگی تقریبا 3 ماہ کی جنگی خاموشی کے بعد سامنے آئی۔ جسے ایک بار پھر کشیدگی میں اضافے کی مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

رواں ہفتے ہی کے دوران دہشت گردوں نے پاکستان کے اندر ڈرون طیاروں کے ذریعے در اندازی کی کوشش کی تھی جس کے جواب میں پاک فضائیہ نے بڑی کارروائی کر کے 13 افراد کو ہلاک کیا ہے۔

ادھر کابل میں طالبان کی وزارت دفاع نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سپین بولدک کے نزدیک پاکستانی چوکی کو نشانہ بنایا اور اسے تباہ کر دیا۔ تاہم طالبان کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ وزارت اطلاعات پاکستان نے اس طالبانی دعوے کو جھوٹ پر مبنی اور من گھڑت قرار دیا ہے۔

وزارت اطلاعات کا کہنا ہے حقیقت یہ ہے کہ 24 اور 25 ستمبر کی درمیانی رات پاکستان کی مسلح افواج نے گلستان سیکٹر میں طالبان جارحیت کو ناکام بنایا اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے طالبان کے کم از کم 13 ارکان کو ہلاک کر دیا جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

اہم بات یہ ہے کہ فریقین کے کیے گئے دعوؤں کی ابھی آزادانہ ذرائع سے تصدیق ہونا باقی ہے۔

قبل ازیں پاکستانی فوجی ذرائع نے ‘روئٹرز’ کو بتایا تھا کہ گلستان سیکٹر میں طالبان جنگجوؤں کو پاکستانی سرحد میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ اس دوران کئی طالبان ہلاک ہو گئے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ وقفے وقفے سے فائرنگ ہو رہی ہے اور پاکستان کی مسلح افواج پوری طرح چوکس ہے۔

پاکستان نے پچھلے پیر کے روز بھی افغانستان میں فضائی حملے کیے تھے جس میں 28 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ مسلح افواج کی یہ کارروائی کوہاٹ میں پولیس کے مرکز پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کا ردعمل تھی جس میں 17 پولیس اہلکار اور 6 شہری جاں بحق ہوئے جبکہ جوابی کارروائی کے دوران موقع پر 8 حملہ آوروں کو بھی ہلاک کیا گیا۔

ادھر جمعرات کی رات پاک فضائیہ نے افغانستان میں مزید کئی مقامات کو نشانہ بنایا۔ یہ طالبان کے ڈرون حملوں کا ردعمل تھا۔ پاکستان کا موقف ہے کہ اس نے ڈرون طیاروں کے ذخیرہ کرنے کے مراکز کو نشانہ بنایا تھا۔ جبکہ طالبان اس طرح کے حملوں کی تردید کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں