امریکہ کے ساتھ ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے: ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پیر کے روز تصدیق کی ہے کہ ان کا ملک آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے سے متعلق اپنی تجویز پر امریکی جواب کا جائزہ لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جائزہ مکمل ہونے کے بعد ایران ثالثوں کے ذریعے واشنگٹن کو جواب دے گا۔
بقائی نے ایک پریس کانفرنس میں یہ بھی بتایا کہ ایران ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں موجودہ صورتحال 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملے کا براہ راست نتیجہ ہے۔
قطر اور پاکستان سمیت متعدد فریقوں نے 28 فروری کو ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں سے شروع ہونے والی جنگ کے خاتمے کی کوششوں میں ثالثی کا کردار ادا کیا ہے۔
جون میں طے پانے والی عارضی جنگ بندی ختم ہونے اور وقفے وقفے سے حملے دوبارہ شروع ہونے کے بعد ایران نے ستمبر کے وسط میں اپنی تجویز پیش کی تھی۔
بعد ازاں ایران نے تصدیق کی کہ اسے امریکہ کا جواب موصول ہو گیا ہے۔تاہم اس کے بعد مذاکراتی عمل تعطل کا شکار ہو گیا۔
ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری نے اتوار کو کہا تھا کہ امریکی جواب میں آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے تہران کی جانب سے پیش کردہ سات شرائط پر مناسب طور پر غور نہیں کیا گیا۔
دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کی ایک اہم وجہ واشنگٹن کا اس بات پر اصرار ہے کہ ایرانی جوہری پروگرام پر ابتدا ہی سے بات چیت کی جائے۔
تہران کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے پہلے مرحلے میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور اس آبی گزرگاہ کی سلامتی بحال کرنے پر توجہ دی جانی چاہیے، جہاں سے جنگ سے پہلے دنیا کی تقریباً پانچواں حصہ تیل اور مائع قدرتی گیس کی تجارت گزرتی تھی۔
ایران کے ساتھ اتحادی تعلقات رکھنے والے یمنی حوثی گروپ اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے حوالے سے بقائی نے ایک بار پھر کہا کہ تہران مذاکرات کے ذریعے بحران کے حل میں مدد دینے کے لیے تیار ہے۔
بقائی نے یہ بھی واضح کیا کہ ریاض کے ہوائی اڈے اور سعودی عرب کے دیگر علاقوں پر حوثیوں کے حملوں کے بعد ایران کو ’’شدید تشویش‘‘ ہے۔
انہوں نے کہا:یمن کا مسئلہ بہت پہلے حل کر لیا جانا چاہیے تھا، اس کے لیے اسی معاہدے سے کام لیا جانا چاہیے تھا جو یمنیوں اور سعودی عرب کے درمیان طے پایا تھا۔
دوسری جانب سعودی عرب کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سعودی فضائی دفاعی نظام نے ہوائی اڈے کے اطراف ایک کروز میزائل کو روک کر تباہ کر دیا۔
اس سے قبل اتحادی افواج نے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل نمبر 4 پر ایک نامعلوم نوعیت کے گولے سے حملے کا انکشاف بھی کیا تھا۔ اس حملے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، جبکہ متعلقہ حکام جائے وقوعہ پر کارروائی کر رہے ہیں۔
