5

پاکستان اور ترکیہ کا منظم جرائم اور عسکریت پسندوں کے تشدد کے خلاف تعاون کا معاہدہ

پاکستان اور ترکیہ کا منظم جرائم اور عسکریت پسندوں کے تشدد کے خلاف تعاون کا معاہدہ
سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن سے غیر قانونی نقلِ مکانی میں نمایاں کمی ہوئی
پاکستان اور ترکی نے جمعہ کو عسکریت پسند تشدد، منشیات کی سمگلنگ اور منظم جرائم کے خلاف تعاون مستحکم کرنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے۔ وزارتِ داخلہ پاکستان نے بتایا کہ انسانی سمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف اسلام آباد نے کریک ڈاؤن کیا جس کے بعد ترکی نے پاکستان سے ہونے والی غیر قانونی نقلِ مکانی میں نمایاں کمی کی اطلاع دی ہے۔

یہ معاہدہ استنبول میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور ان کے ترک ہم منصب مصطفیٰ چیفتچی کے درمیان ملاقات میں طے پایا۔ فریقین نے اپنے اپنے ملک کی وزارتِ داخلہ کے درمیان رابطہ مضبوط بنانے کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

یہ معاہدہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان نے اپنے شہریوں کو ہونے والے مہلک کشتی حادثات کے بعد انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورکس پر کریک ڈاؤن میں تیزی پیدا کی ہے اور سمگلنگ و بین الاقوامی منظم جرائم کے خلاف قریبی بین الاقوامی شراکت داری کا خواہاں ہے۔

بیان میں کہا گیا، “دونوں وزراء داخلہ نے دہشت گردی، منشیات اور منظم جرائم کے خلاف پاکستان اور ترکی کے درمیان تعاون بڑھانے کے معاہدے پر دستخط کیے۔”

فریقین نے تکنیکی معاونت، ماہرین کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے تعاون کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا جن میں سائبر پولیسنگ، انسدادِ منشیات اور پولیس کی تربیت شامل ہیں۔ اس تعاون میں پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس اور نیشنل پولیس اکیڈمی بھی شامل ہوں گی۔

بیان کے مطابق چیفتچی نے نقوی کو بتایا کہ پاکستان سے ترکی کی جانب غیر قانونی نقلِ مکانی کی شرح 70 فیصد سے کم ہو کر 17 فیصد رہ گئی تاہم بیان میں کسی مخصوص عرصے کی وضاحت نہیں کی گئی۔

ترک وزیر نے غیر قانونی نقلِ مکانی روکنے کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہا جبکہ نقوی نے انہیں اُس کریک ڈاؤن کے نتائج سے آگاہ کیا جو اسلام آباد نے

بیرونِ ملک غیر مجاز سفر میں سہولت فراہم کرنے والے نیٹ ورکس کے خلاف کیا ہے۔

پاکستان نے بین الاقوامی تعاون سے ملکی سطح پر نفاذِ قانون کی کوششوں کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کی ہے۔

ترکیہ سے تازہ ترین معاہدے سے اس تعاون کا دائرہ کار انسدادِ دہشت گردی، سائبر پولیسنگ اور انسدادِ منشیات تک وسیع ہو گیا ہے اور اس کے تحت دونوں حکومتوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں