4

ٹرمپ اور پیوتن کے درمیان معاہدے کی تفصیلات سے زیلنسکی حیران

ٹرمپ اور پیوتن کے درمیان معاہدے کی تفصیلات سے زیلنسکی حیران
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اچانک اعلان کیا ہے کہ یوکرین اور روس دونوں ممالک کی تیل صاف کرنے والی تنصیبات کو نشانہ بنانے سے فوری طور پر رکنے پر متفق ہو گئے ہیں۔

یہ پیش رفت ٹرمپ کی جانب سے یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیے جانے کے 24 گھنٹے بعد اور روسی صدر ولادیمیر پیوتن کے ساتھ اس معاہدے کے 48 گھنٹے سے بھی کم وقت بعد سامنے آئی ہے، جس کے تحت روس پر عائد بعض پابندیاں اٹھانے کے بدلے ماسکو امریکہ اور عالمی منڈیوں کو ڈیزل فراہم کرے گا۔

ٹرمپ نے اچانک اور کسی پیشگی اعلان کے بغیر اتوار کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ دونوں فریق ایک معاہدے پر پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے لکھااب سے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ میں جنگ بندی ہے۔ دونوں فریق اس پر متفق ہو گئے ہیں۔ اس کی خلاف ورزی نہ کریں!اگرچہ زیلنسکی نے کہا کہ وہ اس اعلان پر حیران ہیں، تاہم انہوں نے امریکی تجویز قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔

برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘ کے مطابق ان کی شرط یہ ہے کہ جنگ بندی دونوں جانب سے ہو اور اس کے لیے ’’حقیقی ضمانتیں‘‘ فراہم کی جائیں۔ اس سے مراد کیف کے اتحادیوں بشمول واشنگٹن کی جانب سے ماسکو کے خلاف تعزیری اقدامات ہیں۔

یوکرین کے صدر نے ویب سائٹ ’ایکسِیوس‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہااگر صدر ٹرمپ نے پیوتن کے ساتھ مذاکرات کیے ہیں تو ہمیں بتایا جائے کہ جنگ بندی کب شروع ہو گی۔ ہم تیار ہیں اور اسے قبول کریں گے۔

اس سے قبل زیلنسکی نے روسی تیل صاف کرنے والی تنصیبات پر حملے روکنے کے لیے واشنگٹن کی جانب سے کیف کو دی گئی تجویز مسترد کر دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ماسکو کو یوکرین کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے بند کرنا ہوں گے۔

دوسری جانب کریملن کی طرف سے ٹرمپ کے اعلان کردہ جنگ بندی پر عمل درآمد کے کوئی آثار سامنے نہیں آئے۔

زیلنسکی نے بھی ماسکو کے ارادوں پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے روسی حملوں کو ’’وحشیانہ‘‘ قرار دیا۔ ان حملوں میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے متعدد فضائی حملے بھی شامل ہیں۔

یوکرین کے صدر نے بتایا کہ روسی افواج نے مشرقی یوکرین کے شہر خارکیف میں تھرمل پاور پلانٹ نمبر 5 کو نشانہ بنایا۔

دی گارڈین کے مطابق یہ رواں ہفتے یوکرین میں بجلی پیدا کرنے اور اس کی ترسیل کی تنصیبات پر 200 سے زائد حملوں میں سے تازہ ترین حملہ تھا۔ زیلنسکی نے مزید بتایا کہ گیس اور تیل کی تنصیبات پر بھی 17 حملے کیے گئے۔

مبصرین کے مطابق واشنگٹن اور کیف کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات میں جمعے کے روز مزید تلخی پیدا ہوئی، جب ٹرمپ نے روسی ڈیزل کی برآمدات پر عائد پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا۔

ٹرمپ کا مؤقف تھا کہ اس اقدام سے اگلے ماہ امریکی کانگریس کے وسط مدتی انتخابات سے پہلے عالمی اور مقامی سطح پر ایندھن کی قیمتیں کم کرنے میں مدد ملے گی۔

دی گارڈین نے امریکہ اور یوکرین کے درمیان اس کھلے اور شدید اختلاف کو گزشتہ سال کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کا سب سے سنگین تنازع قرار دیا۔ گزشتہ سال بھی ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں زیلنسکی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ادھر برطانوی اخبار ’فنانشل ٹائمز‘ نے نام ظاہر نہ کرنے والے یورپی حکام کے حوالے سے بتایا کہ امریکہ کیف پر دباؤ ڈالنے کے لیے یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے والے خریداری کے نظام کو بند کرنے کی دھمکی دے رہا ہے، تاکہ یوکرین روس کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے حملے روک دے۔

اس حوالے سے امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ نے بتایا کہ امریکی حکام نے جنگ بندی کے بدلے کریملن کو پرکشش اقتصادی مراعات کی پیشکش کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ان مراعات میں روس کے منجمد خودمختار اثاثوں میں سے اربوں ڈالر جاری کرنا بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ٹرمپ انتظامیہ نے روسی توانائی کمپنی لوک آئل کے بعض حصص فروخت کرنے کے منصوبے پر بھی دوبارہ غور کیا ہے۔

یوکرینی حکام کا خیال ہے کہ وائٹ ہاؤس، کیف سے اس کا ’’سب سے مؤثر ہتھیار‘‘ ترک کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے، لیکن اس کے بدلے ماسکو سے کوئی رعایت طلب نہیں کی جا رہی۔

گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کیف نے روسی معیشت کو شدید نقصان پہنچانے کے لیے روسی تیل کے مراکز، ذخیرہ گاہوں اور ڈیٹا سینٹرز کو نشانہ بنایا ہے۔دوسری جانب روسی بمباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

زیلنسکی کے مطابق ماسکو کی فضائی مہم میں ہزاروں فضائی بموں اور بغیر پائلٹ طیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

ٹرمپ کی جانب سے اعلان کردہ ’’توانائی کے شعبے میں جنگ بندی‘‘ کی کامیابی کے بارے میں بہت سے حلقے شکوک و شبہات کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ بعض دیگر کو امید ہے کہ اس سے عالمی توانائی کی منڈیوں میں بے چینی کم کرنے میں مدد ملے گی۔

موجودہ تنازعات کے باعث ایندھن کی قیمتیں ریکارڈ سطح تک پہنچ چکی ہیں۔ ایسے میں بعض مبصرین کا خیال ہے کہ توانائی کے شعبے میں جنگ بندی موسم سرما کی آمد سے پہلے ایک بڑی سفارتی پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں