5

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی حکام کے ساتھ حوثیوں کے معاملے پر بات کی ہے: العربیہ ذرائع

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی حکام کے ساتھ حوثیوں کے معاملے پر بات کی ہے: العربیہ ذرائع
پاکستانی آرمی چیف کا ایرانی نیوکلیئر معاملے میں مزید لچک دکھانے کی ضرورت ہے پر زور
العربیہ/الحدث کو سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان اس بات کا اچھی طرح ادراک رکھتا ہے کہ ایران کو ایٹمی فائل کے معاملے میں مزید لچک کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستانی فیلڈ مارشل اور آرمی چیف عاصم منیر کی تہران میں گفتگو مذاکرات کے ایک نئے راستے کو کھولنے پر مبنی تھی۔ محسن رضائی کے ساتھ عاصم منیر کی ملاقات کا بنیادی مقصد تناؤ اور کشیدگی میں کمی لانا تھا۔

جہاں تک حوثیوں کے معاملے کا تعلق ہے ذرائع نے العربیہ/الحدث کو بتایا کہ پاکستانی آرمی چیف کے تہران میں مذاکرات کے دوران حوثیوں کے معاملے اور خطے میں جاری کشیدگی کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع نے نشاندہی کی کہ عاصم منیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد اپنی قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا ۔ پاکستان کے نزدیک سعودی عرب کا معاملہ بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

پاکستان کو امریکہ اور ایران کے درمیان ایک بنیادی اور اہم ثالث تسلیم کیا جاتا ہے، جہاں اس کی ماضی کی ثالثی کاوشوں کے نتیجے میں جون میں ایک عارضی امن معاہدہ طے پایا تھا تاہم “اسلام آباد یادداشت” (اسلام آباد میمورینڈم) پر دستخط کے چند ہی ہفتوں بعد امریکہ اور ایران کے درمیان دوبارہ جنگ چھڑنے کے باعث یہ معاہدہ تعطل کا شکار ہو گیا تھا۔

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے حوالے سے جاری کردہ ایرانی بیان میں نشاندہی کی گئی کہ سینئر ایرانی عہدیدار نے زور دے کر کہا ہے کہ واشنگٹن اس وقت تک تہران کا اعتماد حاصل نہیں کر سکے گا جب تک کہ وہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے گزشتہ ماہ پیش کی گئی سات شرائط کو پورا نہیں کرتا۔

قالیباف نے کہا کہ تہران کے پاس “امریکہ کے لیے کوئی نیا پیغام نہیں ہے۔ امریکہ صرف ان سات شرائط پر عمل درآمد کر کے ہی ایران کا اعتماد جیت سکتا ہے”۔ انہوں نے مزید اس بات پر زور دیا کہ “فوجی دھمکیاں اور نقل و حرکت اسلامی جمہوریہ ایران کے اسٹریٹجک فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہو سکتیں”۔

واضح رہے کہ اسرائیل امریکہ اور دیگر مغربی ممالک طویل عرصے سے ایران پر ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی کوششوں کا الزام عائد کرتے آئے ہیں، اس سلسلے میں 60 فیصد تک یورینیم کی افزودگی کا حوالہ دیتے ہیں، جو کہ شہری استعمال کے لیے درکار حد سے کہیں زیادہ اور ہتھیار بنانے کے لیے درکار 90 فیصد کے کافی قریب ہے۔ تاہم ایران ایٹمی ہتھیار بنانے یا حاصل کرنے کی کوششوں کی تردید کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں