7

ٹرمپ کا الہان عمر سے کانگریس سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز ڈیموکریٹک رکن کانگریس الہان عمر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کانگریس سے استعفیٰ دے دیں۔ انہوں نے مینیسوٹا سے تعلق رکھنے والی قانون ساز پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے اپنی نشست حاصل کرنے کے لیے فرضی نام کا استعمال کیا نیز الہان عمر کی سابقہ شادی کے حوالے سے الزامات بھی دوبارہ اٹھائے۔

ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ الہان عمر کا اصل نام “الہان نور سعید علمی” ہے نہ کہ وہ نام جس کے تحت وہ منتخب ہوئیں اور کانگریس کی رکن کے طور پر حلف اٹھایا۔

دونوں کے ناموں میں مماثلت کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ نے یہ الزام بھی لگایا کہ الہان عمر نے اپنے بھائی احمد نور سعید علمی سے شادی کی تھی۔

یہ الزامات برسوں سے زیرِ گردش ہیں لیکن عوامی سطح پر دستیاب شواہد سے ان کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ الہان عمر بارہا اس بات کی تردید کر چکی ہیں کہ ان کے سابق شوہر ان کے بھائی ہیں۔

ٹرمپ نے الہان عمر کے حالیہ انٹرویو میں دیے گئے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا، “جب پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے اپنے بھائی سے شادی کی تھی تو انہوں نے جواب دیا، ‘میری معلومات کے مطابق ایسا نہیں ہے۔'”

صدر نے الہان عمر پر دھوکہ دہی کا الزام لگایا اور ان سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا۔ ٹرمپ نے ایوان کے سپیکر مائیک جانسن سے اس معاملے پر کارروائی کرنے پر زور دیتے ہوئے لکھا، “چونکہ انہوں نے حلف لینے کے لیے جعلی نام کا استعمال کیا تو میرے خیال میں انہیں فوراً کانگریس سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔”

ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ الہان کو اب کانگریس میں خدمات انجام دینے کی قانوناً اجازت نہیں ہو گی حالانکہ ان کی پوسٹ میں اس طرح کی نااہلی کے لیے کسی عدالتی فیصلے کا حوالہ نہیں دیا گیا تھا۔

صومالی نژاد امریکی شہری الہان عمر جنہوں نے 2019 سے کانگریس میں مینیسوٹا کی نمائندگی کی ہے، شادی اور امیگریشن فراڈ کے الزامات کو بارہا مسترد کر چکی ہیں۔

ان کے سابق شوہر سے متعلق دعوے مینیسوٹا میں ان کی سیاسی مہمات کے دور سے چلے آ رہے ہیں۔ امریکی میڈیا اداروں کی سابقہ تحقیقات سے یہ ثابت نہیں ہوا کہ علمی ان کے حیاتیاتی بھائی ہیں۔

ٹرمپ کے تازہ ترین تبصرے الہان عمر کی امیگریشن ہسٹری اور ذاتی ریکارڈ کی از سرِ نو جانچ پڑتال کے بعد سامنے آئے ہیں اور وفاقی حکام ان کی سابقہ شادی سے متعلق الزامات کی مبینہ تحقیقات کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں