وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی غیر متوقع کامیابی کی کہانی بیان کرتے اعدادوشمار
منگل کے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس نے کانگریس اور پورے امریکہ میں گورنروں کے محلات میں دوبارہ اقتدار پر قبضہ جما لیا جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سیاسی ایجنڈے کی ایک شاندار تردید ہے۔
درج ذیل اعدادوشمار ایک تاریخی رات کی کہانی بیان کرتے ہیں:
رائے شماری میں شرکت کی ریکارڈ تعداد
یونیورسٹی آف فلوریڈا کی الیکشن لیب کے مطابق لوگوں کے گھروں سے نکل کر ووٹ دینے کی کل تعداد تاحال سامنے نہیں آئی لیکن امریکیوں نے الیکشن کے دن سے پہلے ہی 61.7 ملین سے زیادہ ووٹ دے دیے تھے۔
امریکی مڈٹرم میں ابتدائی ووٹنگ کے ریکارڈ ساز اعداد و شمار سے بلاشبہ ڈیموکریٹس کو تقویت ملی جو روایتی طور پر ریپبلکن ووٹرز کے مقابلے میں پہلے ووٹ دیتے ہیں۔
نیشنل پبلک ریڈیو کے مطابق سیاہ فام امریکیوں، نوجوانوں اور دیگر گروہوں میں بڑی تعداد میں ووٹ دیے جو عموماً ڈیموکریٹک امیدواروں کی حمایت کرتے ہیں۔
اس اضافے کا ایک گہر اثر ہوا جس سے ڈیموکریٹس نے کلیدی نشستوں پر کامیابی اور کانگریس کے دونوں ایوانوں پر کنٹرول حاصل کر لیا۔
فنڈ ریزنگ کا ریکارڈ
اوپن سیکرٹس جو امریکی سیاست میں اخراجات پر ایک غیر جانبدار اتھارٹی ہے، کے مطابق وسط مدتی انتخابات کے لیے کل اخراجات ریکارڈ 11.9 بلین ڈالر تک جا پہنچے جو 2022 میں کیے گئے 8.9 بلین ڈالر سے کافی زیادہ ہے۔
ٹرمپ کے ارب پتی اتحادی اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی سربراہی میں بیرونی اخراجات سے ریپبلکنز کو تقریباً 360 ملین ڈالر کی مالی حمایت ملی۔
لیکن ڈیموکریٹک امیدواروں نے اپنے فنڈز خود جمع کرنے میں مہارت ثابت کی۔
علاوہ ازیں، کینساس اور ٹیکساس کی ریاستوں میں کئی عشروں بعد ڈیموکریٹس نے کامیابی حاصل کی جو ان انتخابات کا ایک قابلِ ذکر پہلو ہے۔
نوجوانوں اور لاطینیوں کی ٹرمپ سے بے رُخی
رائے عامہ کے جائزوں سے ظاہر ہوا کہ ٹرمپ کے لیے امریکی ووٹرز کے دو کلیدی طبقات یعنی نوجوان افراد اور لاطینی ووٹرز نے صدر اور ان کی ریپبلکن پارٹی سے تیزی سے بے رخی اختیار کر لی۔
پیو ریسرچ کے مطابق ہسپانوی ووٹرز نے 2016 اور 2024 میں ٹرمپ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا جب انہوں نے ڈیموکریٹ کملا ہیرس کے مقابلے میں ٹرمپ کی حمایت کی تھی۔ لیکن حالیہ ہفتوں میں متعدد لاطینی ووٹرز نے ٹرمپ پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دھوکے کا احساس ہوا۔
اس بات کا اظہار منگل کے روز این بی سی نیوز کے ایگزٹ پولز میں ہوا جن کے مطابق لاطینی نژاد ووٹرز نے ریپبلکنز کے مقابلے میں ڈیموکریٹکس کی حمایت کی اور ڈیموکریٹس کو 62 فیصد اور ریپبلکنز کو 35 فیصد ووٹ ملے۔
نوجوان ووٹرز کا رجحان بھی ٹرمپ کے خلاف ہو گیا۔ این بی سی نیوز کے مطابق ان کے ایگزٹ پولز سے پتہ چلتا ہے کہ 18 سے 29 سال کی عمر کے مرد و خواتین ووٹروں نے 72 فیصد کے مقابلے میں 25 فیصد کے تناسب سے ڈیموکریٹک امیدواروں کو ووٹ دیا۔ یہ صورتِ حال 2024 کے مقابلے میں ایک نمایاں تبدیلی ہے جب نوجوان ووٹر ٹرمپ اور کملا ہیرس کے درمیان منقسم تھے۔
