5

پاکستان : جعلی عمرہ ویزے فروخت کرنے پر ایف آئی اے کی کارروائی ، ملزم گرفتار

پاکستان : جعلی عمرہ ویزے فروخت کرنے پر ایف آئی اے کی کارروائی ، ملزم گرفتار

پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے نے جمعرات کے روز بتایا ہے کہ اس نے ایک شخص کو حراست میں لیا ہے جو مبینہ طور پر جعلی عمرہ ویزے اور جعلی ٹکٹیں فروخت کر کے لوگوں کو لوٹنے میں مصروف تھا۔ اس نے ایف آئی اے کے مطابق 49 شہریوں کو اپنے جعلسازی کے حربوں کی بنیاد پر 70 لاکھ روپے سے محروم کر دیا۔

پاکستان سے ہر ماہ ہزاروں شہری عمرہ ادا کرنے کے لیے سعودی عرب جاتے ہیں۔ وزارت مذہبی امور اس سلسلے میں مستند کمپنیوں کی فہرستیں بھی اپ ڈیٹ کرتی ہے تاکہ کوئی بھی شہری کسی جعلساز کے ہتھے نہ چڑھ جائے۔ اس کے باوجود کئی بد بخت اس کوشش میں رہتے ہیں کہ سادہ لوح شہریوں کو لوٹ سکیں۔

ایف آئی اے نے جمعرات کے روز ایسے ہی ایک شخص کو اپنے شعبے ‘اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی’ کے توسط سے حراست میں لیا ہے۔ اس حراست میں لیے گئے ملزم کا نام اشتیاق علی معلوم ہوا ہے۔ یہ مبینہ طور پر ایک گروپ ایم ایس کاروان سفر ٹریول اینڈ ٹورز سے منسلک تھا۔ اس نے کئی شہریوں کو جعلی عمرہ ویزے اور جعلی ٹکٹیں فروخت کر کے ان کے ساتھ فراڈ کیا کیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے 49 لوگوں کے ساتھ مجموعی طور پر 70 لاکھ روپے کا فراڈ کیا ہے۔ لیکن بالآخر پکڑا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ اس نے جعلی ویزے اور جعلی ٹکٹیں تیار کر کے لوگوں کو دینے کے ساتھ ساتھ ہوٹلوں کے جعلی واؤچر بھی دیے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مطابق ملزم کے خلاف باضابطہ طور پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 406، 420 اور 109 لگائی گئی ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق اس نے ایک اور ملزم شہزاد بلوچ کو بھی گرفتار کیا ہے جس کے خلاف 2014 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ وہ کئی سال سے مفرور تھا۔

اس کے خلاف انسانی سمگلنگ اور ویزوں کے معاملے میں فراڈ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اسے بدھ کے روز حراست میں لیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے دونوں ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمے کو آگے بڑھانے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں