غزہ کے خیموں میں بارشی پانی جمع، امدادی سامان پر اسرائیلی پابندیاں قابل مذمت: پاکستان
وزیرِ اعظم کی دفترِ خارجہ کو غزہ کے لیے انسانی امداد میں اضافہ کرنے کی ہدایت: سوشل میڈیا پر بیان
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پیر کے روز اسرائیل کی طرف سے انسانی امداد کو غزہ تک پہنچنے سے روکنے کے لیے پابندیوں کی مذمت کی۔ ہفتے کے آخر میں شدید بارشوں کے باعث علاقے میں ہزاروں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں میں سیلاب آ گیا اور امداد کے بغیر وہ شدید مشکلات شکار ہیں۔
سیو دی چلڈرن تنظیم کے مطابق دسیوں ہزار فلسطینی خاندان ہفتے کے آخر میں غزہ کے پہلے سرمائی طوفان میں پھنس گئے جس میں ایک ہی دن میں تقریباً 70,000 خیموں میں پانی بھر گیا۔ امدادی گروپ نے اتوار کو بتایا کہ شہری دفاع کو امداد کے لیے 1,500 سے زیادہ کالز موصول ہوئیں جیسا کہ خاندان راتوں رات پانی میں ڈوبے خیموں سے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
امدادی گروپوں نے کہا ہے کہ امداد پر پابندیوں کے باعث خاندان حالات میں بنیادی بہتری لانے سے بھی قاصر ہیں۔ سیو دی چلڈرن نے کہا کہ اسرائیلی حکام پہلے سے تیار شدہ پناہ گاہوں کی فراہمی اور خیموں، ترپالوں، کمبلوں، ایندھن اور تباہ شدہ عمارات کی مرمت کے لیے درکار مواد کو مسلسل محدود کر رہے ہیں۔ جبکہ ایک سال پہلے اعلان کردہ جنگ بندی میں خیموں کے زیادہ پائیدار متبادلات کے داخلے کی اجازت دی گئی تھی۔
شہباز شریف نے ایکس پر لکھا، “غزہ کے بہادر فلسطینی عوام کو بنیادی انسانی امداد سے روکنے کے لیے جاری غیر قانونی اسرائیلی اقدامات پر مجھے گہری تشویش ہے۔”
انہوں نے خیموں میں سیلاب آنے اور غزہ میں بچوں کے پھنس جانے اور فاقہ کشی، شدید سردی کی “دلگیر تصاویر” کے بارے میں بات کی۔
انہوں نے کہا، “میں جنگ بندی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں اور فلسطینی عوام کے خلاف جاری جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ میں نے دفترِ خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوراً انسانی امداد بڑھانے کے لیے ہر ممکن طریقے اپنائے۔”
بی بی سی کے مطابق اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ غزہ میں داخل ہونے والی ان اشیاء پر پابندی لگاتا ہے جو فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہو سکتی ہوں۔
سیو دی چلڈرن کے مطابق پورے غزہ میں 464,000 سے زیادہ لوگ ایسے مقامات پر رہتے ہیں جو سیلاب کے زیادہ خطرے کا شکار ہیں۔
